یوکرین کی جانب سے روس سے جنگ کے بعد دوبارہ قبضے میں لیے گئے خارکیف کے شہر ازیوم سے 440 سے زائد لاشوں کی ایک اجتماعی قبر ملی ہے۔
گزشتہ روز یوکرین کے ایک علاقائی پولیس اہلکار کا میڈیا سے گفتگو کے دوران بتانا تھا کہ یہ شہر روسی فوج سے واپس لیا گیا ہے، یہاں کہ کچھ لوگ گولہ باری اور فضائی حملوں میں مارے گئے تھے۔
یوکرینی تفتیشی پولیس کے چیف بولوینوف کی جانب سے اس معاملے پر بیان دیا گیا ہے کہ ہر لاش کی فرانزک تحقیقات کی جائیں گی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے کے آواخر میں ہزاروں روسی فوجی ازیوم سے فرار ہو گئے تھے۔
پولیس چیف بولوینوف نے کہا ہے کہ 440 افراد کی لاشوں کے ایک جگہ سے ملنے کے معاملے پر ابتدائی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ کچھ کی موت توپ خانے کے فائر کی وجہ سے ہوئی ہوگی تو کچھ کی موت ہوائی حملوں کی وجہ سے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ہی روس نے یوکرین پر اب تک کا سب سے تباہ کن حملہ کرنے اور ایک ہی دن میں 800 سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک و زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق یوکرین کے خلاف ہر محاذ پر زبردست کارروائیاں کی جا رہی ہیں جن میں ایئر فورس، میزائل فورس اور بھاری توپ خانے کا استعمال کیا گیا ہے۔