• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل پر تشدد، سپریم کورٹ کا وفاق کو نوٹس، تفتیشی کو بھی پیش ہونے کا حکم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) عدالت عظمیٰ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی جسمانی ریمانڈ کے اجراکیخلاف دائر اپیل کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مقدمہ کے تفتیشی تھانیدار کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیاہے ،دوران سماعت عدالت نے ملزم کے وکیل کی جانب سے سوالات کا جواب نہ دینے پر سخت براہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کیس کی تیاری کیوں نہیں کرکے آئے۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے جمعہ کے روز اپیل کی سماعت کی، جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ یہ کیس تو ریمانڈ کیخلاف تھا، اس میں ملزم کی ضمانت بھی ہو چکی ، جسٹس مظاہر علی اکبر نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپکا کیس کیا ہے؟ جس پر انہوں نے بتایا کہ یہ میرے موکل کو حراست میں تشدد کا نشانہ بنانے سے متعلق کیس ہے، جسٹس اعجاز الاحسن نے ان سے استفسار کیا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ ملزم نے کیا کیا تھا؟کل ہائیکورٹ نے ساری 13 دفعات سے متعلق قرار دیاہے کہ یہ نہیں لگتی تھیں ،جسٹس جمال خان مندو خیل نے استفسار کیا کیا ریمانڈ لینا غیر قانونی ہے؟ یا ریمانڈ دینا عدالت کا اختیار نہیں ہے ؟
اہم خبریں سے مزید