• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی اصلاحات اور پھر انتخابات ہونے چاہئیں، سراج الحق

تیمر گرہ،جندول ( نمائندگان جنگ ) امیر جماعت اسلامی پا کستان سراج الحق نے کہا ہے ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے ، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم جلسے جلوس کرکے سیلاب متاثرین کی بجائے اپنی سیاست بچا رہی ہیں یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین سیلاب کی بحالی سب کا اولین ترجیح ہونی چاہئے، آرمی چیف کا انتخاب وزیر اعظم کے صوابدید کے بجائے سینیارٹی اورمیرٹ پر ہونا چا ہئے، انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں پہلے، انتخابی اصلاحات اور پھر انتخا بات ہونے چاہئیں، خیبر پختونخوا میں ایک بار پھر امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے وزراء اور ارکان اسمبلی نے آبائی علاقوں کو چھوڑ کر پشاور اور اسلام آباد منتقل ہو گئے ہیں صوبہ اور ملاکنڈ ڈویژن کو ایک بار تختہ مشق بنا یا جا رہا ہے اگر وزیر اعلیٰ اور وزراء اپنی جانیں بچانے کے لئے بھتہ دیں تو عوام کا کیا بنے گا۔ قیام امن کے لئے عوام کا لشکر بنا نا درست نہیں ۔امن و امان قائم رکھنا اداروں کی ذمہ داری ہے۔ سراج الحق نے بجلی کے بلوں میں آئے روز ٹیکسوں کے نفاذ اور مہنگائی کے خلاف آج عدالت میں رٹ دائر کرنے کا اعلان کیا ۔ ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے بلوچستان ، سندھ ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورے کرنے کے اختتام پرجماعت اسلامی لوئر دیر کے سیکرٹریٹ بلامبٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لوئر دیر اعز ازلملک افکاری ، سابق ایم این اے صاحب زادہ یعقوب خان ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری یعقوب الرحمان ، جماعت اسلامی تحصیل بلامبٹ کے امیر عمران الدین ایڈووکیٹ ، اور الخدمت فائونڈیشن لوئر دیر کے صدر حفیظ اللہ خاکسار ودیگر بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے کہا کہ حالیہ سیلاب ملک کی تاریخ کا تباہ کن سیلاب تھا جس میں پانچ کروڑ افراد متاثر ہوئے، ان کے گھر ، فصلیں ، باغات ، اور کا روبار تباہ ہوا اور لاکھوں افراد بے گھرہوکر سڑکوں کے کنارے اور کھلے مقامات پر رہنے پر مجبو رہیں جبکہ65ہزار حاملہ خواتین بھی سیلاب سے متاثر اور گھر وں سے محروم ہو گئیں ان خواتین پر ہر روز قیامت گزرتی ہے اور سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹ جانے کا خطرہ ہے لیکن بدقسمتی سے مرکزی اور صوبائی حکو متیں اور سیاست دان ایک دوسرے کیخلاف محاذ آرا ئی کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کیخلاف گالم گلوچ میں مصروف ہیں اس لئے مرکزی اور صوبائی حکومتیں ، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے اپنی توا نیاں خرچ کریں اور حکومت متاثرین کی جلد بحالی کے لئے عالمی امداد کے انتظار کے بغیر دستیاب وسائل سے ان کی بحالی کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔
اہم خبریں سے مزید