• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دباؤ قبول نہیں، الیکشن وقت پر، نواز اور شہباز شریف کی ملاقات، اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک کو مشکلات سے نکالنے پر اتفاق

لندن (ٹی وی رپورٹ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی لندن میں اہم ملاقات ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ کسی کا دباؤ قبول نہیں، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے.

 اتحادیوں کیساتھ ملکر ملک کو مشکلات سے نکالنے پر بھی اتفاق کیا گیا، اس موقع پر نئے آرمی چیف کی تقرری اور پنجاب حکومت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، شہباز شریف نے بتایا کہ اتحادی حکومت مدت پوری کریگی، اس وقت ہماری تمام توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور معیشت کی بہتزی پر مرکوز ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات کے موقع پر سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، سلمان شہباز بھی موجود تھے۔

 وزیر اعظم نے آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن سے مشاورت کے بارے میں بھی نواز شریف کو آگاہ کیا۔شہباز شریف نے نواز شریف سے گفتگو میں کہا کہ اس وقت تمام توجہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور معیشت کو بہتر کرنے پر مرکوز ہیں۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام اتحادی عام انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کے حامی ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ملکر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، کسی سے بلیک میل نہیں ہونگے

 حکومت اپنی مدت پوری کریگی۔ نواز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر وزیر اعظم شہباز شریف سے اقدامات لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کئے جائیں جبکہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سیلاب متاثرین کیلئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں، حکومت بحالی کیلئے کوششوں میں تیزی لائے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام بھی سیلاب متاثرین کیلئے عطیات فراہم کر رہے ہیں، افواج پاکستان بھی سیلاب متاثرین میں پیش پیش ہیں، سیلاب کی صورتحال میں دوست مملاک مدد فراہم کر رہے ہیں، حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتیں فرض کی ادائیگی کر رہی ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کیلئے صوبائی حکومتیں اور این ڈی ایم اے کام کر رہی ہیں، سیلاب متاثرین کیلئے 30 ارب روپے مختص کیے ہیں، ہر متاثرہ خاندان کو 25 ہزار روپے دے رہے ہیں، کوشش ہے سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔

 اہم ملاقات میں لندن میں موجود خواجہ آصف اور مریم اورنگ زیب شریک نہیں ہوئے اور اس حوالے سے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ لندن اپنے قائد سے ملنے آیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید