• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج تحریک کا آغاز ہفتے سے کریں گے، عمران خان

لاہور( ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے سے حقیقی آزادی تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب کال دوں تو قوم کے ساتھ وکلاء نے بھی ملک کی حقیقی آزادی کے لئے میرے ساتھ نکلنا ہے‘ حالات سماجی افراتفری کی طرف جارہے ہیں ‘.

 ملک چوروں کے چنگل میں پھنسا ہو اہے، یہ انتخابات سے بھاگ رہے ہیں کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ یہ جیت نہیںسکتے‘یہ کوشش کر رہے ہیں کرسی پکڑ لیں ملک بیشک نیچے چلا جائے‘پی ڈی ایم حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے‘ ملکی مفاد اور عوام کی بہتری اسی میں ہے کہ حکومت سے جلد نجات ملے‘پنجاب کی قیادت اور پارٹی ہر سیاسی چیلنج کیلئے تیار رہے‘.

 شیروں کی فوج ہو لیکن ان کا سردار گیدڑ ہو تو وہ ہار جائے گی‘ جس وزیر اعظم پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں وہ ایک سزا یافتہ ،مفرور ،جھوٹے اور جس نے ملک سے اربوں روپے لوٹ رکھے ہیں اس سے ملک کی نیشنل سکیورٹی کے سب سے اہم عہدے کیلئے مشاورت کررہا ہے‘ کوئی تصور کر سکتا ہے کہ کسی مہذب معاشہرے میں ایسا ہو سکتا ہے‘ وکلاء پربہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قانون کی بالا دستی کیلئے کھڑے ہوں ،آپ کو جو بھی دھمکیاں دے آپ بھی اس کو واپس یہ کہتے ہو ئے دھمکی دو کہ اظہار رائے کی آزادی میرا آئینی حق ہے ‘ایک دفعہ قانون کی بالادستی قائم کر دیں ہم ملک کے حالات ٹھیک کر کے دکھائینگے۔

 لاہور میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت پاکستان کو دلدل میں لے کر جارہی ہے ‘ ایک طرف معیشت سکڑتی ‘ بیروز گاری بڑھتی جارہی ہے اور دوسری طرف مہنگائی آسمانوں پر جارہی ہے‘ ملک کی تاریخ میں مہنگائی 50سال کی بلندی پر ہےقوم کو کہنا چاہتا ہوں کہ یہ ظلم کا نظام ہے یہ جنگل کا نظام ہے‘ ایسا شخص جسے ایف آئی اے کے اربوں روپے کیسز میں سزا ہونی تھی اس کے بیٹوں کو سزا ہونی تھی وہ وزیر اعظم بن جاتا ہے‘ ہم اپنی قوم کو کیا پیغام دے رہے ہیں کہ چوری کرنا بری چیز نہیں ہے ڈاکہ مارو تو بڑا ڈاکہ مارو ،چھوٹے چور جیلوں میں جاتے ہیں بڑے ڈاکو بچ نکلتے ہیں۔

 عمران خان کا کہناتھاکہ انہوں نے پانچ ماہ میں پاکستان کے ساتھ جو کیا ہے دشمن بھی ایسا نہیں کر سکتا‘ معیشت کا بھی بیڑہ غرق کردیا۔ ایک دفعہ قانون ٹھیک کر دیں تو صرف پانچ لاکھ اوورسیزپاکستانی سرمایہ کا ری کر دیں تو ہمیں آئی ایم ایف سمیت کسی سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں پڑیگی ۔

دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ملکی مفاد اور عوام کی بہتری اسی میں ہے کہ حکومت سے جلد نجات ملے۔ عمران خان کاایوان وزیراعلی پہنچنے پر سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے استقبال کیا ۔

اہم خبریں سے مزید