• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کی زیر صدارت نوجوان وزرأ خارجہ کی کانفرنس ، 11شریک

نیویارک (عظیم ایم میاں / جنگ نیوز ) پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں دنیا کے 11نوجوان وزرائے خارجہ شریک ہوئے ،کانفرنس میں شریک کینیڈا، قطر، ہنگری اور دیگر یورپی وزیروں نے پاکستانی تجویز کی بھرپورحمایت کی ۔ علاوہ ازیں نیویارک میں اقلیتوں کے حقوق کے ڈیکلیئریشن پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کا قتل عام دنیا کے سامنے ہونے کے باوجود وہ کیوں کچھ نہیں کر رہی ، میں عالمی برادری سے پوچھتا ہوں بھارت میں اقلیتوں کے قتل عام پر وہ کیا کر رہی ہے؟قبل ازیں یو این جنرل اسمبلی سائیڈ لائن پر مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال پر شرکا کو اعتماد میں لیا اور مؤقف دہرایا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کے بنیادی، یو این قراردادوں کے مطابق تسلیم شدہ حق ہے، اور کشمیر کا حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق، آزاد استصواب رائے سے ہی ممکن ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی تخلیقی سفارتکاری کے اقدام کی غیر ممالک کے نوجوان وزرائے خارجہ نے پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی نوجوان نسل عالمی مسائل، سفارتکاری اور ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل کو حل کرنے میں روایتی ڈپلومیسی سے مختلف اور ڈائریکٹ اپروچ پر زیادہ یقین رکھتی ہے لہٰذا نوجوان نسل کے عالمی قائدین کے رابطہ اور ڈائیلاگ کی پاکستانی وزیرخارجہ کی تجویز کا نہ صرف خیر مقدم کرتے ہوئے دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں شریک ہوئے ہیں بلکہ آئندہ سالوں میں بھی ایسی کانفرنسوں اور رابطوں کی حمایت کرتے ہیں۔ یہ باتیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بلائی ہوئی نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں شریک یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے نمائندہ جنگ/ جیو عظیم ایم میاں سے اپنے انٹرویو ز میں کہیں۔ آج کی دنیا میں پاکستان سمیت21ممالک کے وزرائے خارجہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی طرح نوجوان نسل سے تعلق رکھتے ہیں اور پاکستانی وزیر خارجہ کی تحریک اور دعوت پر ہنگری، چیکو سلواکیہ ، آئس لینڈ، کینیڈا اور دیگر ممالک کے 11وزرائے خارجہ اقوام متحدہ کی سائڈ لائنز پر منعقدہ کانفرنس میں شریک ہوئے۔ کانفرنس کی صدارت وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کی جبکہ وزیر مملکت حنا ربانی کھر، اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم ، وزرات خارجہ کے عرفان سومرو نے کانفرنس کے دوران وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی معاونت کی۔
اہم خبریں سے مزید