• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سیلاب میں سیاسی سرگرمیوں پر عوام کا غم و غصہ

خیبرپختونخوا میں سیلابوں سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی و بربادی اور کروڑوں افراد کے متاثر ہونے پر خیبر پختونخوا کے عوام اب بھی غمزدہ ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی طرف سے سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے کارکنوں کو متاثرین کا ساتھ دینے اور امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ فلاحی تنظیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں سرگرم عمل ہیں۔ تاجر بھی سیلاب آنے کے دوسرے روز ہی متاثرین کی بحالی اور امدادی کارروائیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے لگے۔ 

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز کے زیر اہتمام سارک چیمبرز آف کامرس کے مرکزی نائب صدر اور سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سابق چیئرمین حاجی غلام علی، میٹرو پولیٹن پشاور کے مئیر حاجی زبیر علی سابق صوبائی وزیر آغہ سید ظاہر علی شاہ، تاجران ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک مہر الہٰی بابائے تاجران اور تاجر رہنما سرتاج احمد خان کی سربراہی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کروڑوں روپے کا امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ پشاور کے تاجروں کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں کروڑوں روپے کا سامان تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرین میں نقد رقم بھی تقسیم کرنا شروع کر دی گئی اس سلسلے میں پشاور میں حاجی غلام علی کی صدارت میں خصوصی تقریب ہوئی۔ 

تقریب کے مہمان خصوصی میٹروپولیٹن پشاور کے مئیر تھے۔ تقریب میں ضلع پشاور کے سیلابوں سے متاثرہ افراد میں ایک کروڑ روپے کی نقد رقم تقسیم کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اور تاجروں میں سیلابوں سے متاثرین کی امدادکا جذبہ بھرا ہے۔ متاثرین کو امدادی سامان بھی دیا جائے گا نقد رقم بھی دی جائے گی اور ان کی آباد کاری بھی کی جائے گی۔ متاثرین کا مشکل گھڑی میں بھرپور ساتھ دیا جائے گا اور انہیںکسی بھی صورت میں بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جائے گا۔ متاثرین سیلاب امداد کے حقیقی مستحق ہیں اورمتاثرین کی مدد کر کے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کی جا سکتی ہے۔ 

عوام اورتاجروں کو امداد کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے۔ سیلابوں سے ہونے والی تباہی کے باوجود سیاسی سرگرمیاں معطل نہ کرنے والے سیاستدانوں کے خلاف غم وغصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ عمران خان جو چارسدہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑرہے ہیں جب چارسدہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ کے لئے آئے تو ہزاروں متاثرین کی طرف سے عمران خان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے کہا کہ سیلابوں سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی اورکروڑوں افراد کے متاثر ہونے والوں متاثرین کا ساتھ دینے کی بجائے اس مشکل گھڑی میں بھی سیاست چمکا کر متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔ 

متاثرین کا مشکل وقت میں ساتھ نہ دینے والے اب کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں عمران خان کے خلاف احتجاج کرنے پر پولیس کی طرف سے کئی مظاہرین کوگرفتار کرلیا گیاجس پراے این پی کے صوبائی صدرایمل ولی خان اور صوبائی اسمبلی کے ممبر شکیل عمرزئی کی طرف سے بھر پور احتجاج کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے مستعفی ہونے پر دوبارہ ہونے والے ضمنی انتخابات جو ملتوی کردیئے گئے تھے الیکشن کمیشن کی طرف سے ان حلقوں میں سولہ اکتوبر کو انتخابات کروانے کے فیصلے کے بعد این اے 31پشاور میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ 

پشاور کے تاجروںاور وکلا کے علاوہ سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سابق چیئرمین حاجی غلام علی میٹرو پولیٹن پشاور کے مئیر حاجی زبیر علی تنظیم الاعوان کے صوبائی جنرل سیکرٹری ملک طارق اعوان علمائے کرام و مشائخ عظام کونسل کے سربراہ و چیئرمین امن کمیٹی برائے قومی ہم آہنگی علامہ محمد شعیب سابق صوبائی وزرا سید عاقل شاہ ایوب شاہ ایڈوکیٹ اور فخر سادات سید فیاض علی شاہ کی طرف سے الحاج غلام احمد بلور کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے انتخابی مہم تیز کر دی گئی ہے۔

قومی وطن پارٹی جمعیت علمائے اسلام پاکستان مسلم لیگ پیپلز پارٹی اور اے این پی کے رہنماؤں نے الحاج غلام احمد بلور کی کامیابی کے لئے ہونے والے انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے عوام نے ایمپورٹیڈ امیدوار کی بجائے پشاور کے لوگوں کی غمی خوشی میں شریک پشاور کے عوام کا ہمیشہ ساتھ دینے اور اپنے خاندان کے تین جانوں کی قربانی دینے والے پشاور کے سپوت خادم پشاور الحاج غلام احمد بلورکا ساتھ دینے کا تہیہ کرلیا ہے سولہ اکتوبر کا سورج الحاج غلام احمد بلور کی کامیابی اور عمران نیازی کی شکست کی نوید لیکر ابھرے گا عمران نیازی دھاندلی کے ذریعے2013 کے انتخابات میں پشاور سے قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے لیکن وہ پشاور کے عوام سے وفا کرنے اوران کا ساتھ دینے کی بجائے پشاور کے عوام کو بھول گئے پشاور کے غیرت مند عوام عمران نیازی سے اس بے وفائی کا بدلہ لیں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور بعض صوبائی وزرا کی طرف سے بار بار نوٹس ملنے کے باوجود الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹس ملنے کے باوجود الیکشن قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کا جرم ثابت ہونے پر الیکشن کمیشن کی طرف سے دوبار جرمانہ کی سزا دی گئی لیکن اس کے باوجود الیکشن قوانین کی پھر سے خلاف ورزی کرنے اور خیبر پختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر انتخابی مہم کے لئے استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن کی طرف سے ایک بار پھر عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو نوٹس دے دیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان جنوبی وزیرستان اور قبائلی علاقوں میں سیکورٹی فورسز اور پولیس پر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد خیبر پختونخوا کے دوسرے علاقوں میں بھی دہشت گردی کے واقعات بڑھنے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے بھتہ خوری کے واقعات بھی بڑھتے جارہے ہیں۔

تجزیے اور تبصرے سے مزید
سیاست سے مزید