وفاقی دارالحکومت کے سیاسی اور عوامی حلقوں میں ’’کپتان‘‘کے بعض سابق وفاقی وزراءکے ’’اسٹیبلشمنٹ‘‘ سے رابطوں کے حوالہ سے کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ یہ پارٹی کے وہی رہنماء ہیں جن کی سرگرمیوں کے بارے میں کراچی سے تعلق رکھنے والے جذباتی سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا بھی انکشاف کر چکے ہیں۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کی ’’اندرونی کہانی ‘‘کی خبر رکھنے والے ایک پارٹی رہنما نے نجی محفل میں اپنے دوستوں کو بتایا کہ ’’کپتان‘‘نے تین سابق وفاقی وزراء کی بار بار کی ملاقاتوں اور اسٹیبلشمنٹ سے متعددرابطوں کے بارے میں جب براہ راست مخاطب کرتے ہوئے ناراضگی کا اظہار کیا تووہ ’’ششدر‘‘ رہ گئے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد مذکورہ تینوں پارٹی راہنمائوں سے کپتان نے علیحدہ ملاقات کے دوران بھی واشگاف انداز میں ان کو ’’وارننگ‘‘ دی ہے ؟
مخدوم اور ترین کے رابطے
صوبائی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں جنوبی پنجاب کی دو بڑی سیاسی شخصیات کے مستقبل میں مشترکہ طور پر سیاست کرنے کے حوالہ سے کئی چہ میگوئیاں سننے میں آ رہی ہیں۔ دونوں ’’برادران نسبتی‘‘ کا سیاسی اتحاد آنے والے دنوں میں صوبے کی سیاست میں ایک ’’نئی کروٹ‘‘ کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
مخدوم اور ترین خاندان کی آپس میں دوبارہ قربت کے ’’پس پردہ‘‘ دو بڑی سیاسی پارٹیوں کی قیادت کے درمیان ہونے والے مشترکہ فارمولے کی کاوش بھی شامل ہے۔ طویل عرصہ تک ایک دوسرے کے مخالف سیاست کرنے والے دونوں گروپ متعدد ارکان اسمبلی اور سیاسی شخصیات سے رابطوںمیں ہیں ۔صوبے کی سیاست میں فوری ہلچل کے معاملہ میں بھی وہ اپنا اثرو رسوخ استعمال کر رہے ہیں؟
چیف سیکرٹری کی اچانک رخصت
صوبائی دارالحکومت کے سیاسی اور سرکاری حلقوں میں چیف سیکرٹری پنجاب کی ’’اچانک رخصت‘‘ پر جانے کے حوالہ سے کئی کہانیاں گردش کر رہی ہیں۔ بیوروکریسی میں یہ بات شدت سے محسوس کی جا رہی ہے کہ وہ اس عہدہ پر دوبارہ واپس نہ آنے کا ارادہ کر چکے ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب کا شمار ایسے افسران میں ہوتا ہے جو نہ صرف اچھی شہرت رکھتے ہیں بلکہ وہ بے جا مداخلت کو بھی پسند نہیں کرتے۔
ان کی ’’حالیہ رخصت‘‘ کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ سی ایم سیکرٹریٹ سے آنے والے تبادلوں کے بعض احکامات سے اتفاق نہیں کر رہے تھے اور وہ یہ محسوس کرتے تھے کہ ان افسران کو تبدیل نہیں کرنا چاہئے جو ابھی اپنی میعاد بھی پوری نہیں کر سکے۔