• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رضوان اور بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی کامیاب ترین اوپننگ جوڑی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) میچ میں محمد رضوان اور بابر اعظم نے کئی ریکارڈ توڑ دیے۔ محمد رضوان اور بابراعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مجموعی رنز بنانے والی جوڑی بن گئی ہے۔ دونوں اب تک بطور اوپننگ جوڑی ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 1929 رنز بناچکے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے روہت شرما اور شیکھر دھون کا تھا جنھوں نے52 اننگز میں 1743 رنز بنائے تھے۔ بابر اور رضوان نے 36 شراکتوں میں بھارتی جوڑی سے زیادہ رنز بنالئے ۔ دونوں کے درمیان اوسط پارٹنرشپ اسکور 52 سے زائد ہے،دونوں 1800 رنز جوڑنے والی پہلی جوڑی بھی بن گئے۔یہ ان کے درمیان ساتویں سنچری شراکت ہے۔بطور اوپنر رضوان اور بابر کی چھٹی پارٹنرشپ ہے اور ایک سنچری شراکت دوسرے وکٹ پر بنی تھی ۔ پاکستان نے کراچی میں ہی گذشتہ برس ویسٹ انڈیز کے خلاف 207 رنز بناکر میچ جیتا تھا۔ پاکستان نے دوسری بار ٹی ٹوئنٹی میچ دس وکٹ سے جیتا ہے۔ گذشتہ سال دونوں کی بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو دبئی میں دس وکٹ سے شکست دی تھی۔ بابر اعظم نے پاکستان کے کپتان کی حیثیت سے دسویں سنچری بنائی اور انضمام الحق کی 9سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ وہ پاکستان کیلئے سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید