• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ اداکارہ عمیمہ ملک ’’دارو‘‘ کے منفرد روپ میں جلوہ دکھائیں گی، فلم کا نیا پوسٹر ریلیز

کراچی (جنگ نیوز)”جیوفلمز“ کی پیشکش، ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“کا ایک اور نیا پوسٹر منظر عام پر آگیا ہے جس میں پاکستان کی سپر اسٹار اداکارہ عمیمہ ملک ”دارو“ کے کردار میں اپنا جلوہ دکھاتی نظر آرہی ہیں۔ اس سے قبل ٹیم نے فواد خان، حمزہ علی عباسی اور ماہرہ خان کے کرداروں پر مشتمل پوسٹر ز ریلیز کئے تھے۔ عمیمہ ملک کے کردار کا پوسٹر فلم میں ان کی جرأت مندانہ شخصیت کو پیش کررہا ہے جس میں سیاہ آنکھوں کا میک اپ، خوبصورت ہونٹ، طلسمی زیورات سے سجا اُن کا چہرہ اور ہاتھ میں تھاما ہوا خنجر اُن کے دلکش کردار کی عکاسی کررہا ہے۔”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“پاکستان کی سب سے مہنگی فلموں میں سے ایک ہے، جس میں بین الاقوامی معیار کی VFX مہارت اور سب سے مہنگی اسٹار کاسٹ شامل ہے۔ فلم کی ہدایت کاری ایوارڈ یافتہ ہدایت کار بلال لاشاری نے کی ہے اور اسے عمارہ حکمت نے انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کے مشترکہ منصوبے کے تحت AAA موشن پکچرز کے تعاون سے پروڈیوس کیا ہے۔فلم سازوں نے ”جیوفلمز“ کے ساتھ اس فلم کی پارٹنر شپ کی ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا میڈیا گروپ اور پاکستانی سنیما کی بحالی میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر کام کررہا ہے۔ یہ فلم 13 اکتوبر کو ”جیوفلمز“کے تعاون سے ملک اور بیرون ملک ایک ساتھ ریلیز ہوگی۔ بین الاقوامی سطح پر یہ فلم مووی گوورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے ڈسٹری بیوٹ کی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید