• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جڑواں شہروں میں ڈینگی کے مزید 168مریض رپورٹ، تعداد 133تک جاپہنچی

راولپنڈی ، اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے، خصوصی نامہ نگار، خصوصی نمائندہ) جڑواں شہروں میں ڈینگی کے مزید 168کیس سامنے آ گئے ۔ راولپنڈی ضلع میں ڈینگی کے مزید91کنفرم مریض رپورٹ ہوئےجس کے بعد کل تعداد 1495ہوگئی ۔نئے مریضوں میں پوٹھوہار ٹائون سے 52،راولپنڈی کینٹ سے سترہ،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نو،چکلالہ کینٹ آٹھ،ٹیکسلا کینٹ دو ،کہوٹہ دو،کلر سیداں ایک مریض ہیں ۔ وفاقی دارالحکومت میں 77 مریضوں کے اضافے سے ڈینگی کے شکار افراد کی تعداد 16 سو 38 تک پہنچ گئی ۔ڈینگی روک تھام کے سلسلے میں جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کی زیر صدارت ہواجس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں مختلف ہسپتالوں میں 77مریض رپورٹ ہوئے ۔کامسیٹس یونیورسٹی سمیت ایم سی آئی کے ایریا جی سکس، جی ایٹ اور آئی ٹین میں اینٹی ڈینگی اسپرے کیا۔دیہی علاقوں روات ، ترلائی اور لوہی بھیر میں بھی اینٹی ڈینگی اسپرے کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے ڈینگی تدارک ٹیموں کی نشاندہی پر ہاٹ سپاٹ کباڑخانے، سروس اسٹیشن، ٹائر شاپس اور دیگر ورکشاپس سمیت مختلف دکانوں میں ڈینگی لاروا پائے جانے پر کارروائی کرتے ہوئے سات کمرشل جگہوں کو سیل کر دیا۔ دفعہ 144کی خلاف ورزی پر 15افراد کے خلاف ایف آئی آر کی گئی۔ گزشتہ روز راولپنڈ ی کے تینوں ہسپتالوں میں ڈ ینگی کے شبہ میں 279مریض داخل تھے جن مین 184 میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے ان میں دو مریضوں کی حالت نازک تھی ۔ اب تک ڈینگی سے تین افراد وفات پا چکے ہیں ۔
اسلام آباد سے مزید