نیویارک(اے پی پی)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل اور بحرانوں کے حل کے حوالہ سے سات نکات پر مشتمل تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ایک ایسے عالمی ڈھانچے اور پالیسیوں کو فروغ دینا ہوگا جن سے دنیا سے عدم مساوات کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے، عالمی معاشی نظام کو ترقی کے اہداف کے ساتھ منسلک کرنا ہوگا جبکہ عالمی موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں یکساں پالیسیوں کا دیانتداری سے نفاذ کرنا ہوگا‘ہمیں دنیا میں عدم مساوات اور غربت کو فروغ دینے والے نظام کو اب تبدیل کرنا ہوگااور مستحکم عالمی معیشت کیلئے سالانہ ایک کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کو ممکن بناناہوگا۔ ترقی پذیر ممالک کے لئے دنیا کے تجارتی نظام کو دوبارہ وضع کیا جائے تاکہ یہ دنیا میں ترقی کے اہداف کی تکمیل میں معاون ثابت ہوسکے۔ جمعہ کو نیویارک میں جی ۔77 اور چین کے وزارتی اجلاس 2022 سے سربراہی خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ بڑھتے ہوئے تنازعات، مہنگی اشیائے ضرور یہ، موسمیاتی تبدیلی اور وباؤں کے ساتھ دنیا بھر کے ترقی پذیر ممالک ایک سخت دور سے گزررہے ہیں۔ ان مسائل کے حل کیلئے وزیر خارجہ نے سات نکات پر مشتمل تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی دباؤ کا شکار دنیا کے 50 سے زائد ترقی پذیر ممالک کی معاشی مدد کے لئے عالمی برادری کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔