• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم ایس ان سروس کوٹہ کی قرارداد پر جلد عملدر آمد کا مطالبہ

پشاور (جنگ نیوز)کمشنر پشاور ڈویژن آفس کے جملہ ملازمین کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں وزیر اعلی محمود خان کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے کمشنر و ڈپٹی کمشنردفاترکے ملازمین کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرکے انکو پی ایم ایس 3 فیصد کوٹہ کے ذریعے سروس سٹرکچر اور ترقی کے لئے راستہ مہیا کیا۔ اجلاس میں سیکرٹریٹ کو آرڈی نیشن کونسل کی روایتی ہٹ دھرمی ‘ضلعی و ڈویژنل ملازمین کے خلاف مہم اور استحصال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عہد کیا گیا کہ اگر حکومت نے چند سو سیکرٹریٹ ملازمین کے نرغے میں آکر ہمارے دیرینہ مطالبے میں کوئی مسئلہ پیدا کیا تو احتجاجاًتمام اضلاع کو بند کریںگے۔ اجلاس میں یہ بات واضح کی گئی کہ 3 فیصد کوٹہ کم ہے مگر پھر بھی ملازمین کی ترقی کا راستہ ہموار ہوگا جومحکمہ ریونیو کے 20 فیصد کوٹہ میں ردوبدل سے مہیا کیا جا رہا ہے لہٰذا اس پر سیکرٹریٹ ملازمین کا احتجاج اس بات کی عکاسی ہے کہ انکو کوٹہ سے کوئی سروکار نہیں بلکہ وہ ہمارا استحصال کر رہے ہیں۔مطالبہ کیا گیا کہ پی ایم ایس ان سروس کوٹہ میں اسمبلی کی قرارداد پر جلدعمل درآمد کیا جائے کیونکہ یہ کوٹہ 1964ء سے 2007ء تک چلا آرہا تھا ۔خیبرپختونخوا میں 2007ء میں پی ایم ایس رولز میں سیکرٹریٹ ملازمین نے خود کو شامل کرایا اور بعد ازاں 2010ء میں ترمیم کے ذریعے غیر ضروری محکموں کو نکالا گیا وہاں ہوشیاری سے ڈی سی و کمشنر آفس کے ملازمین کو نکلوایا۔
پشاور سے مزید