• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا کا وفاق کو سیکیورٹی فورس فراہم کرنے سے انکار

پشاور، اسلام آباد(جنگ نیوز/ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے وزیر شوکت یوسفزئی نے وفاق کو سیکورٹی فورس فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ اسلام آباد کیلئے سیکورٹی مانگ رہے ہیں، اسلام آباد میں کون سے دہشت گرد آرہے ہیں جس کیلئے سیکورٹی طلب کی جا رہی ہے، خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ، سکیورٹی کی زیادہ ضرورت یہاں ہے،راناثناء اللہ آپ سیاسی ورکر ہیں یا کسی گینگ کے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شوکت یوسفزئی نے کہاکہ ہماری سکیورٹی ہمارے صوبے کے لیے ہے، وفاق کو نہیں دیں گے، خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں، سکیورٹی کی زیادہ ضرورت یہاں ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبے کی سکیورٹی ہم خود کر رہے ہیں، وفاق نے کوئی مدد نہیں کی، پاک افغان سرحد پر مسائل کو دیکھنا وفاق کا کام ہے وہ بھی ہم کر رہے ہیں، رانا ثنااللہ نے شہبازشریف کے ساتھ مل کر ماڈل ٹائون میں جو کیا وہ یہ دہرانا چاہتے ہیں، دھمکیاں دی جا رہی ہیں، راناثنااللہ آپ سیاسی ورکر ہیں یا کسی گینگ کے سربراہ ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جمہوری احتجاج کو روکنے سے اس کے نتائج انتہائی خطر ناک ہوں گے، آپ کی حکومت صرف27کلو میٹر پر محیط ہے، پنجاب، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہے، آپ یہ نہ سوچیں کہ ہم پر چڑھائی کریں گے، اسلام آباد کے چاروں طرف ہماری حکومت ہے۔ادھر ترجمان خیبرپختونخوا حکومت ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صوبے کی پولیس فورس وفاق کو نہیں دے سکتے، صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس کی یہاں زیادہ ضرورت ہے۔

اہم خبریں سے مزید