لاہور(جنگ نیوز‘ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جب قرآن میں واضح لکھا ہے کہ حضوراکرم ﷺاللہ کے آخری نبی ہیں تو پھر اس پر بحث کیوں ہورہی ہے؟جو آپ ﷺ کو آخری نبی نہیں مانتاوہ مسلمان ہی نہیں ہے ‘ مریم نواز کی ایک اور آڈیو سامنے آنے والی ہے جو مجھ سے متعلق ہے۔
اس آڈیومیں مریم اپنے والد سے کہہ رہی ہیں فکر نہ کریں الیکشن کمیشن توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نااہل کرنے والا ہے ‘ہم نے مشرقی پاکستان کے عوام سے انصاف نہیں کیا اس لئے پاکستان ٹوٹا ‘ کہتے ہیں عمران خان بہت ضدی ہے بات نہیں مانتا ‘اگر ملک پر مسلط ڈاکوئوں نے میرا پیسہ لوٹا ہوتا تو معاف کر دیتا‘انہوں نے غریبوں کا پیسہ لوٹا ہے‘.
ملک میں جنسی جرائم بڑھنے کی وجہ موبائل فون ہے‘پاکستان کے ساتھ واردات ہوئی ہے اگر ہم اس کو تسلیم کر لیتے ہیں تو واضح ہونا چاہیے کہ ہم ملک کے مستقبل کی قبر کھود رہے ہیں ‘ چیف الیکشن کمشنر مکار آدمی اور شریف خاندان کا نوکر ہے‘انسان اورجانورمیں دوبڑے فرق ہیں ‘ اللہ کے سارے پیغمبرایک ہی پیغام دینے آئے تھے کہ جانوروں کی بستی ہوتی ہے اس میں انصاف نہیں ہوتا۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ڈونلڈلو نے پاکستانی سفیر کو کہا کہ اگر عمران خان کو نہ ہٹایا تو سنگین نتائج ہوں گے ‘ پاکستان سفیر تومیرے ماتحت تھا‘اس نے تومجھے نہیں ہٹانا تھا ‘عمران خان نے شرکاءسے سوال کیاکہ پھر یہ رجیم چیج کا پیغام کس کیلئے تھا ؟جس پر شرکاءنے نیوٹرل نیوٹرل کے نعرے لگائے جس پر عمران خان نے کہاکہ آپ نے سیاسی شعورکا پہلا امتحان پاس کرلیا ہے۔
اپنے خطاب میں پی ٹی آئی چیئرمین نے دعویٰ کیا کہ آڈیو لیکس میں اور بھی کچھ آرہا ہے، آنے والے دنوں میں اور بھی کچھ اقساط کا انتظار کریں‘ سنا ہے کہ یہ آرہا ہے کہ جس میں الیکشن کمشنر، نواز شریف سے کہہ رہا ہے توشہ خانہ میں ان کو نااہل کردیں گے‘یہ ہے الیکشن کمیشن ۔ نواز شریف اس کو بتا رہا ہے کہ کس کو نااہل کرنا ہے اور کب الیکشن کرانے ہیں۔
حالیہ آڈیو لیکس کے بعد اس میں تھوڑی سی بھی شرم وحیاہو تو وہ مستعفی ہو جائیں لیکن اس میں شرم وحیا نہیں ہے اس لیے ہمیں استعفیٰ لینا پڑے گا‘آڈیو لیکس میں شہباز شریف، مریم نواز کو طریقے بتا رہے ہیں، مریم نواز کا داماد بھارت سے مشینری منگوا رہا ہے۔
عمران خان نے مزیدکہاکہ طاقتور ظالم کا مقابلہ بزدل اور خودغرض نہیں کر سکتے‘اشرافیہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہی یہی ہے کیونکہ وہ مطمئن ہے اور ان کی زندگی آسان ہے تو وہ سوچتے ہیں کہ ہم کیوں ظالم کا مقابلہ کریں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کا سب سے بڑا دھوکے باز اسحٰق ڈار آرہا ہے ،نیب نے اسے سے پوچھا کہ آپ کے والد کی سائیکل کی دکان تھی تو آپ کے پاس یہ اربوں پیسہ کہاں سے آیا تو کیونکہ یہ جواب نہیں دے سکتا تھا تو وزیر اعظم کے جہاز میں بیرون ملک بھاگ گیا۔ یہاں چوروں کے ساتھ ڈیل ہوتی ہے‘ انہیں این آر او دیا جاتا ہے ‘اسی لیے چوری اور منی لانڈرنگ نہیں رکتی‘ اسحاق ڈار ڈیل کے تحت واپس آ رہے ہیں۔