• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرہ اللہ یار اوستہ محمد شاہراہ پر پانی کا بہاؤ کم ہونے کے بعد ہلکی پھلکی ٹریفک بحال

کوئٹہ(خ ن)محکمہ مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے نصیر آباد میں سیلابی پانی کے بہاؤ کو جاری رکھنے اور ڈیرہ اللہ یار اور اوستہ محمد کے درمیان مقامی آبادی کو مزید نقصانات سے بچانے کے لیے چند روز قبل ڈیرہ اللہ یار اور اوستہ محمد کے درمیان خان پور کے مقام پر ڈیرہ اللہ یار اوستہ محمد مین شاہراہ پر کٹ لگایا گیا تھا جس سے پانی کا بہاؤ کم ہونے کے بعد ہلکی پھلکی ٹریفک کے لیے بحال کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے نصیر آباد میں تمام شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، بیان میں کہا گیا کہ نصیر آباد میں متاثرہ شاہراہوں کی کل تعداد 128 ہے جن میں اب تک 104 سے زیادہ کو بحال کردیا گیا ہے اور 23 رابطہ سڑکیں معطل ہیں جن میں سے 6 رابطہ سڑکوں پر بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے اور باقی 17 رابطہ سڑکیں پانی کی سطح سے نیچے ہونے کی وجہ منقطع ہیں جہاں جہاں رابطہ سڑکوں پر پانی کی سطح کم ہورہی ہے، ان شاہراہوں کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جارہا ہے، بیان میں کہا گیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کا مقصد صوبے کے تمام اضلاع کی رابطہ سڑکیں اور پل کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بحال رہیں کیونکہ شاہراہوں کی بحالی سے ہی اس سیلابی صورتحال میں سیلاب زدگان کی بروقت اور مؤثر مدد کی جاسکتی ہے، بیان میں کہا گیا کہ صوبے اور بلخصوص نصیر آباد ڈویژن کو درپیش اس مشکل صورتحال میں محکمہ مواصلات و تعمیرات بحالی کے سرگرمیوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمٰن کھیتران اور چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی کی طرف سے یہ واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کے تمام اضلاع کی رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اس حوالے سے صوبے کی تمام اضلاع کی رابطہ سڑکوں اور پلوں کے بارے میں روزانہ کی بنیاد پر تفصیلات محکمہ ہذا لے رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شاہراہوں کی بحالی سے امدادی سرگرمیوں میں تیزی آنے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو ریلیف ملیگا ۔
کوئٹہ سے مزید