کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل بدھ کی شام قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
کراچی میں ہونے والے چار میچوں کے بعد سیریز دو دو میچوں سے برابر ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے پہلا اور تیسرا میچ جیتا اور دونوں بار پاکستان نے سیریز برابر کی۔
بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو سیریز میں واپس آنے کے لئے سنہری موقع ہے۔
لاہور میں میچ کے موقع پر کرکٹ کا بخار عروج پر ہے اور تینوں میچوں کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوچکے ہیں۔منگل کی شام لاہور میں اچانک موسلا دھار بارش ہوگئی جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کا پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا۔
اس سال کے شروع میں پاکستان نے اس گراؤنڈ پر آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی۔توقع ہے کہ پانچویں میچ میں محمد حسنین او ر عثمان قادر کو آرام دیا جائےگا ۔
ٹیم میں فاسٹ بولر نسیم شاہ اور آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی کا امکان ہے۔سیریز میں پاکستان نے14کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے۔
انگلینڈ نے سیریز میں روٹیشن پالیسی اپناتے ہوئے پندرہ کھلاڑیوں کو آزمایا ہےپاکستانی بیٹنگ لائن محمد رضوان اور بابر اعظم کے گرد گھوم رہی ہےجبکہ مڈل آرڈر بیٹنگ کی جانب سے ابھی تک کوئی قابل ذکر کارکردگی سامنے نہیں آئی ہے۔
قذافی اسٹیڈیم کی پچ بیٹنگ کے لئے سازگار ہے اور بیٹسمین چھائے رہیں گے۔