• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی تنقید مسترد، چین کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد جاری رکھنے کا اعلان

اسلام آباد (اے پی پی، جنگ نیوز)چین نے امریکی تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کے گھروں کی تعمیر نو میں مدد کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔

چینی دفتر خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعاون کے پر بے جا تنقید کی بجائے پاکستانی عوام کےلئے حقیقی اور فائدہ مند کام کیا جانا چاہئے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسلام آبادسے کہا ہے کہ وہ ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے سبب قریبی دوست ملک چین سے قرضوں میں ریلیف حاصل کرے۔

واشنگٹن میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ملاقات کے بعد انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم ایک سادہ پیغام بھیجتے ہیں کہ ہم پاکستان کے لیے اسی طرح ہیں جیسے ماضی کی قدرتی آفات کے دوران تھے اور دوبارہ تعمیر کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق معمول کی بریفینگ کے دوران چینی دفتر خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا کہ جیسے ہی پاکستان میں سیلاب آیا، چین نے اپنے دوست اور بھائی پاکستان کی ضروت کے وقت فوری طور پر مدد کی۔انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت نے 40 کروڑ چینی یوآن کی انسانی بنیادوں پر مدد کی جبکہ چین کی سول سائٹی نے بھی امداد کی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سودمند اقتصادی اور مالی تعاون رہا ہے، پاکستانی عوام یہ بات بخوبی جانتے ہیں۔

انسانی حقوق کونسل کے 51ویں اجلاس میں تقریباً 70 ممالک کی طرف سے مشترکہ بیان پاکستان کی جانب سے جاری کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے سنکیانگ، ہانگ کانگ اور تبت سے متعلق مسائل پر چین کے موقف کی حمایت کی اور کہا کہ بعض ممالک چین کے خلاف نام نہاد انسانی حقوق کے مسئلے کو استعمال کرتے ہیں لیکن وہ ہر بار ناکام رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید