• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر امریکا کی روس کو دھمکی

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہا اگر روس نے یوکرین میں جوہری ہتھیار استعمال کئے تو نتائج تباہ کن ہوں گے۔ امریکی قومی سلامتی امور کے مشیر جیک سلیوان نے بیان میں کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تو امریکا اس اقدام کا فیصلہ کن جواب دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ روسی فوج کی جانب سےایٹمی معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی پر واشنگٹن سخت ردعمل دے گا۔ روس کو سرخ لکیر عبورکرنے سے پہلے سوچنا ہوگا۔ ادھر امریکا نے یوکرین کے لیے مزید غیر فوجی امداد کا اعلا ن کیا ہے۔ امریکی وزیرخار جہ انتھونی بلنکن نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا یوکرین کو غیر عسکری امداد فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر فوجی امداد کی مد میں یوکرین کو 45 کروڑ ڈالررقم دی جائے گی۔ اس امداد کا مقصد یوکرین میں جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مدد فراہم کرنا ہے۔ امریکا کی جانب سے یہ بیانات اور اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں کہ جب روس نے یوکرین کی 4ریاستوں میں روس سے الحاق کے ریفرنڈم کا اعلان کردیا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ روس سے الحاق کا فیصلہ کرنے پر انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
یورپ سے سے مزید