کراچی (ٹی وی رپورٹ) برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ17 سال بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے خوشی ہوئی، ان زبردست لمحات کا بہت طویل انتظار کرنا پڑا ہے ،تین سال قبل جب پہلی بار میں پاکستان آیا تو یہ میری کمٹمنٹ تھی کہ انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان لانا ہے،گزشتہ سال آخری لمحات میں انگلینڈ کو دورہ پاکستان ملتوی کرنا پڑا تھا اس وقت میری بطور سفیر یہ ذمہ داری تھی کہ کس طرح سے میں دونوں ملکوں کو قریب لاؤں،رمیز راجا اور ان کی ٹیم نے بھی بہت جانفشانی سے اس حوالے سے کام کیا ۔وہ جیو نیوز پروگرام جیو اسپورٹس میں میزبان عالیہ رشید سے گفتگو کررہے تھے ۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ جب انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ ملتوی کیا تھا تو پی سی بی خوش نہیں تھا جس کے بعد ہم ان کے ساتھ بیٹھے ان کو سنا اور ای سی بی اور کھلاڑیوں سے بات کی، تب کہیں جاکر یہ ٹور ممکن ہوا ۔