کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ٹیمکوچنگ اسٹاف نے پرو ہاکی لیگ میں رہائش کے حوالے سے کھلاڑیوں کے الزامات کو مسترد کردیا ہے، لاہور میں میڈیا سے بات چیت میں ہیڈ کوچ طاہر زمان کوچز محمد عثمان اور ذیشان اشرف نے کہا کہ ٹیم ویزے کے مسائل کی وجہ سے تاخیر سے آسٹریلیا پہنچی جس کی وجہ سے ہماری بکنگ منسوخ ہوگئی تھی، ہم نے دوبارہ ہوٹل بک کرنے کی کوشش کی مگر انہوں نے نقد رقم لینے سے انکار کردیا اور کہا کہ آن لائن ادا ئیگی کی جائے، سڈنی سے ہوبارٹ کی فلائٹ میں چھ گھنٹے کا وقفہ تھا، جس کی وجہ سے کھلاڑی گھومنے پھرنےلگے، ہوبارٹ میں کھلاڑیوں کی مشاورت سے ہوٹل بک کیا گیا تھا، جس میں تمام سہولت موجود تھی، کھلاڑیوں نے جو باتیں کی ہیں، اس کے پیچھے کسی کا ہاتھ ہے جس کو سامنے لانا چاہئے، ہوٹل کی ویڈیو پی ایچ ایف کے حوالے کردی ہے۔ دوسری جانب پی ایچ ایف کے صدر جمعرات کو دوپہر بارہ بجے کپتان اور انتظامیہ سمیت پوری ٹیم کو لاہور میں مدعو کیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی شکایت اور منیجمنٹ سے بات کرکے فیصلہ کرے گی۔