• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آڈیو نہیں پورا خط لیک ہوجائے، سائفر پر تو ابھی میں نے کھیلا ہی نہیں، عمران خان

اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کیساتھ مبینہ امریکی سائفر کے حوالے سے آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سائفر پر تو ابھی میں نے کھیلا ہی نہیں‘ اب یہ ایکسپوز کریں گے توہم کھیلیں گے.

شہباز شریف وغیرہ نے ہی آڈیو لیک کی ہے‘ہیکرز نے آڈیولیک کرکے اچھا کیا میں تو کہتا ہوں پورا سائفر(خط) ہی لیک ہو جائے تاکہ سب کو پتہ چلے کہ کتنی بڑی سازش ہوئی ہے‘کون سا مائنڈ ہے جو ان لوگوں کو واپس ہم پر مسلط کر رہا ہے، یہ جو بھی کررہا ہے پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہیں، جو بھی یہ کررہے ہیں ملک کے خلاف اس سے بڑی غداری نہیں ہوسکتی ۔

ایجنسیاں چوروںکے ساتھ کھڑی ہوگئی ہیں اور انہوں نے ہمیں پاکستان کا دشمن سمجھنا شروع کر دیا ہے ‘اداروں پر غیر ضروری تنقید نہیں کرنا چاہتا مگر کیا محافظوں کو نظر نہیں آرہا کہ ملک کے ساتھ کیا ہورہا ہے‘چیف الیکشن کمشنر کو عدالت میں لے کر جائیں گے ۔

 بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف وغیرہ نے ہی آڈیو لیک کی ہے، صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ آڈیو لیک میں مبینہ طور پر آپ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے صرف کھیلنا ہے اس کا کس طرح دفاع کریں گے.

 اس پر عمران خان نے کہا کہ اس پر تو میں نے ابھی کھیلا ہی نہیں، اب یہ ایکسپوز کریں گے تو کھیلیں گے۔ایک اور صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ خان صاحب مذاکرات ہوں گے یا دھرنے کی کال دیں گے، اس پر عمران خان نے کہا کہ تمہیں ابھی انتظار کرنا پڑے گا۔

بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں تو بہت خوش ہوا ہوں کہ شہباز شریف کے دفتر سے پتا چلا ہے کہ اعظم خان اور عمران خان کی آڈیو ٹیپ آگئی، یہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے خلاف ہے، میں سوچ رہا ہوں کہ اس پر شہباز شریف کو عدالت لے کرجاؤں یا 16 ارب کے کیسز پر لے کر جاؤں، جس سے منسلک 4 آدمی تو مر چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ چلو اچھا ہے کہ تم سائفر کو لے آئے ہو، اب سائفر کو پبلک کردو اور قوم کے سامنے لے آؤ کہ ایک امریکی انڈر سکرٹری ڈونلڈ لو کیا زبان استعمال کررہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید