اسلام آباد(اے پی پی، ٹی وی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے بطور وفاقی وزیر کے حلف اٹھا لیا۔ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ کسی ڈیل کے تحت نہیں آیا،عمران خان کو پیغام ہے کہ ملک کو چلنے دیں.
ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں استحکام اور مہنگائی و شرح سود میں کمی حکومت کی ترجیحات ہیں،عمران خان نے ملکی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے.
عمران خان نے پاکستان کا وہ حال کیا جو کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا، پی ٹی آئی حکومت نے جو گند چھوڑا ہے وہ چھ ماہ میں صاف نہیں ہو سکا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹر اسحاق ڈار سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء، مشیر اور خصوصی معاونین نے شرکت کی۔