• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برآمدی انڈسٹری کیلئے بجلی 20 روپے مہنگی، خصوصی ٹیرف ختم، صنعتکاروں کا احتجاج

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی حکومت نے ٹیکسٹائل سمیت تمام ایکسپورٹ انڈسٹری کو دیا گیا خصوصی انرجی ٹیرف یکم اکتوبر سے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔صنعتکاروں نے اس اقدام پر شدید احتجاج کیا.

خرم مختار نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری ختم کرنے کی بنیاد رکھ دی،اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اکتوبر سے ایکسپورٹ انڈسٹری کو 9سینٹ /فی کلوواٹ فی گھنٹہ کے حساب سے بجلی فراہم کرنے کا سلسلہ بند کر دیا جائے گا اور انہیں انڈسٹریل ٹیرف کے مطابق بل ادا کرنے ہوں گے جس سے بجلی کے فی یونٹ کی قیمت 24 روپے سے بڑھ کر تقریبا 44 روپے ہو جائے گی

 واضح رہے کہ گزشتہ حکومت نے پہلےہی ایکسپورٹ انڈسٹری کے لئے بجلی کی قیمت ساڑھے سات سینٹ سے بڑھ کر نو سینٹ کر دی تھی اور اب یہ ریٹ بھی ختم کر کے مزید بڑھا دیا گیا ہے جس سے ایکسپورٹ انڈسٹری کے بجلی کے بلز میں ڈیڑھ گنا سے زائد اضافہ ہو جائے گا۔

 حکومت کے اس فیصلے سےٹیکسٹائل انڈسٹری کو شدید دھچکا لگنے کا اندیشہ ہے کیونکہ عالمی سطح پر جاری بحران اور مقامی مارکیٹ میں صارفین کی قوت خرید کم ہونے کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ ان حالات کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری پہلے ہی نقصان میں جا رہی ہےاور 160 سپننگ ملیں جبکہ آدھی سے زیادہ پروسیسنگ اور ویونگ ملز بند پڑی ہیں۔

اس لئے اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ٹیکسٹائل انڈسٹری مکمل طور پر بند ہونے کا اندیشہ ہے ،پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے لئے بجلی کی قیمت میں اضافے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

 ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف خرم مختار نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافہ کر کے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ختم کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے ٹیکسٹائل ملز بند ہونے کے باعث برآمدات میں شدید کمی کے ساتھ ساتھ لاکھوں مزدور بیروزگار ہو جائیں گے۔

 خرم مختار نے کہا کہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز نے انرجی ٹیرف برقرار رہنے کی حکومتی یقین دہانیوں کی بنا پر اگلے چھ ماہ کے ایکسپورٹ آرڈرز کی بکنگ کی ہوئی ہے لیکن اگراکتوبر سے بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تو ان کے لئے ملیں بند کرنے کے سوا کوئی آپشن باقی نہیں بچے گا۔

اہم خبریں سے مزید