کراچی(ٹی وی رپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چار آرمی چیف نواز شریف نےمقرر کئے تھے، پانچواں آرمی چیف نواز شریف کا بھائی مقرر کریگا، اللہ تعالیٰ اسباب پیدا کررہا ہے اور نواز شریف جلد واپس آئیں گے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔پروگرام کی تفصیل یوں ہے، حامد میر: خواجہ آصف صاحب پہلے یہ بتائیں، وزیراعظم شہباز شریف، احسن اقبال، آپ کی اور باقی ساتھی وزراء کی آڈیو لیک ہوئی، اس کے بعد عمران خان کے ان کے پرنسپل سیکرٹری کی آڈیو لیک ہوئی، یہ سلسلہ چلتا جارہا ہے بات کہاں جاکر رکے گی؟ خواجہ آصف: آج کل کے دور میں سائبر سیکیورٹی نہیں ہوگی تو اس ملک یا معاشرے کا دفاع کمزور پڑجاتا ہے، سائبر ایسا ہتھیار بن گیا ہے جس کیلئے سرحد کراس کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ایک کلک کی ضرورت ہوتی ہے اور آپ کسی کی پرائیویسی یا سیکریسی violate یا آپ کی کوئی کرلیتا ہے، جو بھی آپ کے راز ہیں یا ذاتی ہیں یا ریاستی ہیں یا فوجی ہیں یا دفاعی ہیں وہ سارے voulnerable ہوسکتے ہیں، ہمارے یہاں جس طرح یہ ہوا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی individual ، کوئی ادارہ یا خدانخواستہ کوئی بیرونی لوگ ہمارے ملک میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ایک کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وزیراعظم کے دفتر کی voulnerablity جو ہے ظاہر ہے ابھی دو تین اوپر نیچے آڈیو لیکس آئی ہیں اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ یہ voulnerable ہے اور وہاں پر جو گفتگو ہوتی ہے جو ریاستی معاملات ڈسکس ہوتے ہیں کوئی بھی ان کو سن سکتا ہے، آل ریڈی وہاں پر کوئی نہ کوئی بگ ہے یا کوئی ایسے انتظامات کئے گئے ہیں، کس نے کئے ہیں؟ یا تو جن کے سیاسی مقاصد تھے ماضی میں یا ابھی بھی ہیں یا اب بھی وہ اس کوشش میں ہیں کہ ان کے مقاصد کو عملی جامہ پہنایا جاسکے وہ اس سلسلہ میں لگے ہوئے ہیں کہ نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے، اگر ہمارے ہاتھ کچھ نہیں آتا تو کسی کے ہاتھ کچھ نہ ہو، وہ ملک کے تباہ کرنے کے درپے ہوگئے ہیں۔