• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آ ڈیو لیکس پارٹ ٹو، عمران خان کو مسلسل تیسرے روز بھی سیاسی دھچکا

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) سابق وزیر اعظم عمران خان کو مسلسل تیسرے دن بھی سیا سی دھچکا لگا، امریکی سائفر پر انکی آڈیو لیک کا پارٹ ٹو وائرل ہو گیا ہے جس نے اس ایشو پرانکے بیانیہ کی رہی سہی کسر بھی ختم کردی

 نئی آڈیو میں عمران خان اور اعظم خان کے بعد دو نئے کردار شاہ محمود قریشی اور اسد عمر بھی سامنے آ گئے ہیں یہ آڈیو 28ستمبر کی آڈیو کے تسلسل میں ہے پہلی آڈیو میں عمران خان نے ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے بس صرف کھیلنا ہے اسکے اوپر، نام نہیں لینا امریکا کا، صرف کھیلنا ہے اب نئی آڈیو میں بھی انہوں نے تاکید کی کہ ہم نے تو امریکیوں کا نام لینا ہی نہیں ہے کسی صورت میں، اس ایشو کے اوپر پلیز کسی کے منہ سے ملک کا نام نہ نکلے.


 یہ بہت اہم ہے آپ سب کیلئے ، کس ملک سے لیٹر آیا ہے میں کسی کے منہ سے اسکا نام نہیں سننا چاہتا،اس سےانکی فکری تضاد اور د وعملی کا اظہار ہوتاہے کہ ایک جانب عمران خان پبلک میں ہیر وبن رہے تھے کہ انہوں نے امریکہ جیسی سپر پاور کو للکا را ہے اور درون خانہ وہ اپنے پارٹی لیڈرز کو منع کر رہے تھے کہ ملک کا نام نہ لیا جا ئے،اس طرز عمل سے انکے صا دق اور امین کی ساکھ بہر حال متاثر ہوئی ہے

عمران خان کا یہ جملہ حیران کن ہے ہم نے صرف کہنا ہے کہ وہ جو لیٹر ہے نا اسکے چپ کر کے مرضی کے منٹس لکھ دے، کابینہ کے اجلاس میں یہ بھی حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ متعلقہ ڈپلومیٹک سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس کے ریکارڈ سے غائب ہے اب اس معاملہ کی انکوائری ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین ہوگا.

 سابق وزیر اعظم عمران خان اور انکے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کیلئے اب مشکل وقت شروع ہونیوالا ہے شاید اسی صورتحال کو بھانپتے ہوئے انہوں نے20اکتوبر تک ایکس پا کستان رخصت لے لی ہے.

حکومت ان کیخلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کاروائی کریگی،عمران خان کیلئے اب نیا چیلنج یہ سامنے آ گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی تقاریر کی روایتی روداری اور نرم لب ولہجہ ترک کردیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید