اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے، سابق دور میڈیا کے لئے سیاہ ترین دور تھا، گزشتہ دور میں میڈیا پر پابندیاں عائد کی گئیں، صحافیوں کے قلم توڑے گئے، ان کے چلتے ہوئے پروگرام بند کئے گئے، مری کی سیاسی و صحافتی اہمیت اور صحافیوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت مری کے صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں ملاقات کے لئے آئے مری پریس کلب کے صدر سدھیر احمد عباسی کی قیادت میں مری پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں مری کی سیاحتی اہمیت، مری پریس کلب اور صحافیوں کو درپیش مسائل سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔