• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناردرن بائی پاس پر مقابلہ، داعش کے دو دہشت گرد ہلاک، 4 پولیس اہلکار زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی نے جنجال گوٹھ میں دہشت گردوں کے ساتھ مبینہ مقابلے میں دو دہشت گردوں نے ہلاک کر دیا، مقابلے میں چار پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے،مکان سے خاتون اور بچی بھی ملی ہیں جنہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سی ٹی ڈی نے گلشن معمار تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس جنجال گوٹھ کے ایک مکان میں چھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی ،پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ پولیس کے چار اہلکار زخمی ہوئے ، چاروں اہلکاروں کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ دہشت گردوں کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جنکی شناخت اے ایس آئی عرفان ،کانسٹیبل ارشد خان،کانسٹیبل مولا بخش اور کانسٹیبل محمد عامر کے ناموں سے ہوئی ہے ،فائرنگ کا تبادلہ تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہا ،پولیس نے مکان سے ایک خاتون اور ایک بچی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا ہے ، مقابلے میں سی ٹی ڈی کی نفری ، ریپڈ رسپانس فورس کے کمانڈوز اور ڈسٹرکٹ پولیس کی نفری نے بھی حصہ لیا ، مکان کے اطراف کی گلیوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا تھا اور آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی تھی ، مکان سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق مقابلے میں مارے جانے والے ملزموں کی شناختیں ایمل شاہ اور عبداللہ مامون کے ناموں سے ہوئیں جوکہ پشین اور کوئٹہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم اب تک کی تفتیش کے مطابق داعش سے ہےاور وہ ماضی میں مختلف تنظیموں کے لئیے بھی کام کرتے رہے ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ انکا تعلق کس کالعدم تنظیم سے تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان گزشتہ برس کوئٹہ سرینہ ہوٹل کے اندر ہونے والے دھماکے میں بھی ملوث رہے ہیں۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک مبینہ دہشت گردوں کے تین ساتھی گزشتہ سال ہلاک ہوئے،مبینہ دہشت گردوں کا گروپ کوئٹہ میں مختلف کارروائیوں میں ملوث رہاہے،دہشت گرد اپنے ساتھی کی گرفتاری کے بعد افغانستان فرار ہوگئے تھے اور کچھ عرصہ قبل ہی واپس کراچی آئے تھے۔دہشت گردوں کے قبضے سے دو نائن ایم ایم پستول ،200کے قریب گولیاں،چار میگزین،بال بیرنگ،وائر،سی فور کی اسٹکس،بارودی مواد اور پانچ کلو گاڑیوں میں لگائی جانے والی مقناطیسی ڈیوائس بھی ملی ہے۔ تاہم سی ٹی ڈی کی جانب سے آفیشل طور پر واقعہ کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا ہے اور اس سلسلے میں آج ( اتوار ) کو پریس کانفرنس کے ذریعے واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید