ملتان ،خانیوال(سٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ) ریلوےپریم یونین (سی بی اے) ملتان اور خانیوال کے زیر اہتمام ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف اسٹیشن سے ڈی ایس آفس تک احتجاجی ریلیاں نکالی گئی ریلی کی قیادت ڈویژنل صدر رانا محمد شریف نے کی ملازمین نے بینر اور سیاہ جھنڈے اٹھا کر تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ ڈویژنل صدر رانا محمد شریف اور ڈویژنل عہدیدران محمد ایوب مغل،اویس حمید،رانا جاوید ،مشتاق احمد، محمد احسن نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریل کے مزدوروں کو ابھی تک تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی سیاسی مداخلت ناقص حکمت عملی اور کرپشن نے محکمہ ریلوے کو تباہ و برباد کر دیا ہے،خانیوال ریلوے سٹیشن پر ریلوے ملازمین نے بجلی کے بلوں میں اضافہ اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایمپلائز پریم یونین سی بی اے کے ڈویژنل سینئر نائب صدر محمود علی ملک نے کہاکہ واپڈا کے بلوں میں سوفیصد اضافے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ریلوے ملازمین کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔