کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان جونیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں مردان وارئیرز نےگوجرانوالہ جائینٹس کو8وکٹ سے شکست دے دی۔ جمعرات کی شب قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انگلش جارج تھامس نے32گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے50رنز بناکر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔شاہ زیب خان نے39گیندوں پر45رنز بنائے۔اور مردان نے ہدف دووکٹ کے نقصان پر19گیندیں پہلے پورا کر لیا قبل ازیںگوجرانوالہ جائینٹس نے20اوورز میں سات وکٹ پر 131رنز بنائے۔عزیز ممتاز نے67رنز بنائے۔ ایمل خان نے تین عبداللہ اور نبیل نے دو دو وکٹ حاصل کئے ایمل نے تباہ کن بولنگ کی اور تین وکٹیں جلد گر گئیں۔پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے افتتاحی میچ سے قبل تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) اپنی مقبولیت کے ریکارڈز قائم کرے گی، یہ پاکستان جونیئر لیگ نہیں ورلڈ جونیئر لیگ ہے۔ پی جے ایل پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو روشن کرے گا۔انہوں نے کہا کہ لگ بھگ 150 غیر ملکی کھلاڑیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا، پاکستان جونیئر لیگ پر اعتماد ہے، انڈر 19 کرکٹرز کی گرومنگ کریں گے۔رمیز راجا کا کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹرز کو معاوضہ بھی مل رہا ہے، اس سطح پر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ ایسی لیگز موقع فراہم کرتی ہیں کہ ایک دوسرے کے کلچر کو جانیں، نوجوان کرکٹرز کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ عظیم کرکٹرز مینٹورز کی حیثیت سے یہاں موجود ہیں۔انہوں نے ان مینٹورز کے نام لیتے ہوئے کہا کہ ویوین رچرڈز بیٹنگ میں اپنی مثال آپ ہیں، جاوید میاں داد کا چھکا کوئی بھول سکتا ہے؟ وہ بھی یہاں موجود ہیں۔ یہ لیگ اپنی مقبولیت کے ریکارڈ قائم کرے گی، پاکستان جونیئر لیگ سے ہمیں کرکٹ کے ستارے ملیں گے۔