• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ صدیقی

کبھی کبھار کھانے کے بعد کچھ میٹھا کھانے کا دل چاہتا ہے لیکن یہ سمجھ نہیں آتا کہ کیا بنائیں، ہم نے سوچا کیوں نہ اس ہفتے ہم آپ کو کچھ میٹھی چیزوں کی تراکیب بتا دئیے، انہیں ضرور بنائے گا ہمیں یقین ہے بچّوں اور بڑوں سب ہی کو بہت پسند آئیں گی ۔

…بالو شاہی…

اجزا: میدہ دو پیالی، بیکنگ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچہ، شیرہ ایک کپ، دہی آدھی پیالی۔

ترکیب: ایک پرات میں میدہ اور بیکنگ پاؤڈر ملا کر چھان لیں اور اچھی طرح مکس کر لیں، ساتھ ہی گھی بھی ڈال دیں اور دہی بھی شامل کر دیں اور اچھی طرح مکس کر کے گوندھ لیں، درمیانے پیڑے بنائیں اور انگوٹھے سے درمیان سے تھوڑا سا دبا دیں۔ اب تقریباً دو سے ڈھائی گھنٹے کے لئے خمیر ہونے کے لئے چھوڑ دیں، کوشش کریں دہی کھٹا ہو۔

ایک کڑاہی میں گھی گرم کر یں اور بالو شاہیاں اس میں ڈال دیں اور سرخ کر لیں، پہلے تھوڑی تیز آنچ پر پھر ہلکی آنچ پر، تاکہ اچھی طرح اندر تک سک جائیں۔ شیرہ بنانے کے لئے دو کپ چینی میں تین کپ پانی ڈال کر چڑھا دیں، دو تین جوش آئیں تو اتار کر رکھ لیں نہ زیادہ گاڑھا اورنہ ہی پتلا ہو، اب بالو شاہیاں اس شیرے میں ڈبو دیں اور تقریباً دو منٹ بعد نکال لیں اور چھلنی پر رکھ دیں، تاکہ زائد شیر ہ نکل جائے، اوپر سے چاندی کے ورق لگا کر پیش کر یں۔

…رس ملائی …

اجزا : دودھ ایک لیٹر ،ملک پا ئوڈر ایک کپ ،بیکنگ پاؤڈر ایک چائے کا چمچہ، انڈا ایک عدد، چینی دس کھانے کے چمچے، گھی (جماہوا) ایک چائے کا چمچہ، الائچی چار عدد، پستہ (چوپ کیے ہوئے) حسب ِضرورت۔

ترکیب: دودھ میں چینی، الائچی اور پستہ ڈال کر اُبال لیں، بعدازاں ملک پاؤڈر میں بیکنگ پاؤڈر اور انڈا ڈال کر گھی کے ساتھ گوندھ لیں اب ہاتھ پر ہلکا سا گھی لگا کر اس کی چھوٹی چھوٹی ٹکیہ بنا لیں۔ جب دودھ اُبل جائے تو اس میں ٹکیاں ڈال دیں اب اسے درمیانی آنچ پر رکھ دس منٹ تک پکائیں ،اس دوران پتیلی کو وقفے وقفے سے ہلاتی رہیں جب دودھ تھوڑا سا گاڑھا ہو جائے تو اُتارلیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں ۔اس کے بعد پستے سے گارنش کریں۔

…گلاب جامن …

اجزا: کھویا ایک پاؤ، پنیر آدھ پاؤ، چینی آدھ کلو،گھی ایک پاؤ، سبز الائچی دس عدد، میٹھا سوڈا یا بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ ،میدہ دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب: کھویا اور پنیر کو اچھی طر ح ملا کر ہاتھوں سے اتنا پھینٹیں کہ یک جان ہو جائیں۔ اب اس میں الائچی باریک پیس کر ملا دیں۔ بیکنگ پائوڈر یا سوڈا ملا کر دوبارہ گوندھیں اور پھر آدھا گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ چینی میں پانی ڈال کر ایک تار کی جاشنی بنا لیں۔ اب اس چھوٹی چھوٹی گولیاں کھوئے اور پنیر کی بنا کر تل لیں۔ سر خ ہونے پر نکالیں اور چمچے سے انہیں شیرے میں ڈبودیں۔ لیجئے مزیدار گلاب جامن تیار ہیں۔