لندن(زاہد انور مرزا )پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئرنائب صدرمریم نوازلندن پہنچ گئیں،ایئرپورٹ پر ن لیگی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا جب کہ پی ٹی آئی نے احتجاج کیا۔ن لیگی رہنمائوں کے طلب کرنے پر پولیس موقع پر پہنچی اورمعاملہ رفع دفع کرایا، پی ٹی آئی کارکنوں کو گھیرے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف برطاینہ کے دورے پر لندن پہنچ گئی ہیں۔ جب وہ لندن کے ہیتھروایئرپورٹ پہنچیں تو پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنمائوں اورکارکنوں نے ان کااستقبال کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں پر پہنچ گئی اور نعرے بازی شروع کر دی۔ اس دوران دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان گالم گلوچ اور تکرار شروع ہوگیا۔ ایئرپورٹ پر موجود پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماؤں حاجی سیف احمد،وارث خان اور دیگر نے حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کو کال کر دی۔ پولیس نے آکر معاملہ رفع دفع کروادیا اور پی ٹی آئی کارکنوں کو گھیرے میں لے لیا ۔پاکستان مسلم لیگ نون کے کارکنوں اور رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی قائد کے استقبال کے لیے یہاں پر پرامن طور پرموجود تھے کہ پاکستان تحریک انصاف کے لوگ یہاں پر ہلڑ بازی اور گالی گلوچ کر رہے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے دعویٰ کیا کہ وہ پرامن احتجاج کر رہے تھے۔