لندن(نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مجھ سے انتقام لیتے لیتے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا، میری زندگی کے پانچ سال ضائع کر دئیے، سوال پوچھنا تو بنتا ہے، ثابت ہوگیا مقدمہ جھوٹا، سزا بھی غلط تھی،IMF کے پاس نہ جانے والوں نے گھٹنے ٹیک دیئے، ایئرپورٹ پر اترتے ہی ہمارے ساتھ جو رویہ اپنایا گیا وہ آپ کے سامنے ہے،IMF کے پاس نہ جانے والوں نے گھٹنے ٹیک دیئے۔مریم نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا، ن لیگ دور میں عوام مطمئن تھے، تحریک انصاف حکومت میں ہر چیز مہنگی ہوئی، قومی غیرت پر کبھی کمپرومائز نہیں کیا، ایٹمی دھماکے روکنے کیلئے امریکا کی جانب سے پانچ ارب ڈالر دیئے جارہے تھے، لیکن ہم نے اس وقت ایبسولوٹلی ناٹ کہا، عمران خان کے دور میں جو ہو ا ا س سے پہلے کبھی نہیں ہوا، اہلیہ کی بیمار تھیں، بات تک نہ کروائی گئی، 3گھنٹے بعد انتقال کی خبر پہنچادی گئی، اللہ کا شکر ہے کہ مریم سے عرصہ کے بعد ملاقات ہوئی، بھائیوں سے ملی ہیں، اپنی والدہ کے انتقال کے بعد ملاقات ہوئی، میرے ساتھ بھی 3سال کے بعد ملاقات ہو رہی ہے، مجھے وہ سب مناظر یاد آرہے ہیں کہ کیسے ان کی والدہ، میری بیگم بستر مرگ پر تھیں، کس طرح سے ہمیں ظلم کا نشانہ بنایا جارہا تھا اور میڈیا کے بعض عناصر بھی ہماری کردار کشی کی مہم میں شامل تھے، مذاق اڑا رہے تھے کہ ہسپتال ان کا اپنا ہے۔