• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں گودام سے 3000لیٹر سے زائد جعلی مشروبات برآمد، گودام سیل

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے جمیل چوک میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گودام سے بڑی مقدار میں جعلی مشروبات برآمد کرلئے۔ گودام میں مختلف برانڈز کے نام پر 3000 لیٹر سے زائد جعلی مشروبات کو ضبط کیا گیا۔ کارروائی کے دوران جعلی مشروبات برآمد ہونے پر گودام کو سیل کردیا گیا۔ جعلی مشروبات فروخت کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کوہاٹ میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا اور ایک گودام سے بھاری مقدار میں ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کیا گیا، جسے ضبط کرکے گودام سیل کردیا گیا، فوڈ سیفٹی اتھارٹی دیر لوئر میں بھی مختلف ڈیری شاپس کے معائنے کئے گئے، اور دودھ کے نمونوں کے ٹیسٹ کئے گئے، دودھ میں پانی کی ملاوٹ پر 400 لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ تلف کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق پانی کی ملاوٹ پر متعدد دکانوں کو سربمہر کردیا گیا۔ اسی طرح کباب شاپس سمیت مختلف پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا اور 300 لیٹر سے زائد خراب تیل برآمد کرکے تلف کیا گیا۔
پشاور سے مزید