کراچی (سید محمد عسکری) وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے 3ہزار ٹیسٹ پاس اساتذہ کا مسئلہ حل کرادیا ہے اور ان کی کوششوں کے باعث سندھ میں فارم ڈی نہ ہونے والے تین ہزار ٹیسٹ پاس اسکول اساتذہ کو تقرر نامے جاری کرنے کے سلسلے میں نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے جس میں درخواست دینے کی آخری تاریخ میں نرمی کردی گئی ہے۔ فارم ڈی کی بنیاد پر تقرری سے محروم تین ہزار میں سے 18 سو کا تعلق صرف کراچی سے ہے ان اساتذہ نے امتیازی نمبروں کے ساتھ ٹیسٹ پاس کیا تھا اور ٹیسٹ دینے سے قبل ڈومیسائل بھی جمع کرایا تھا تاہم یا تو اس ان کے پاس فارم ڈی نہیں تھا یا پھر درخواست دینے کی آخری تاریخ کے بعد جمع کرایا گیا تھا جس پر ان کی تقرری کو روک دیا گیا تھا۔ وزیر تعلیم سردار شاہ اس معاملے کو صوبائی کابینہ تک لے گئے اور اہل امیدواروں کو ان کا حق دلا دیا۔ یاد رہے کہ ایسا معاملہ سابق وزیر تعلیم سعید غنی کے دور میں بھی ہوا تھا جس میں ڈھائی ہزار ٹیسٹ پاس امیدواروں کے ٹیسٹ پاس ہونے کے باوجود فارم ڈی کی بنیاد بنا کر انھیں تقرری سے روک دیا تھا اکثریت کا تعلق کراچی سے تھا۔