• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز اور حمزہ جیسے چوروں کو NRO دینے والے غدار ہیں، عمران خان

مردان، چارسدہ (ایجنسیاں) تحریک انصاف چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اعظم سواتی کو ننگا کر کے تشدد کیا گیا‘ میں تمام اداروں سے کہتا ہوں اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ تشدد کروا کر اپنی عزت کروائیں گے تو غلط فہمی میں نہ رہیں‘آج تک دنیا کی تاریخ میں مار کر کسی ظالم کو عزت نہیں ملی کیونکہ جو ظلم کرتا ہے لوگ ان سے نفرت کرتے ہیں‘قوم کے اربوں روپے چرانے والے مجرموں کو احتساب سے بچنے اور اقتدار میں آنے کا موقع دینے والوںکے مقدر میں ذلت لکھی جاچکی ‘ .

شہباز شریف اور ان کے بیٹے کو ایف آئی اے کے کیس میں بری کیا گیا ہے، اس میں جو بھی ذمہ دار ہیں ان کو شرم آنی چاہیے، ملک کے غدار ہیں آپ لوگ‘جو بھی ان چوروں کو این آر او دے رہا ہے وہ اس ملک کا غدار ہے ‘چوروں کے ٹولے اور ان کے ہینڈلرز کے سامنے قوم کھڑی ہوگی‘ سوات اور قبائلی علاقوں میں دہشتگردوں کو کیوں آنے دیا جا رہا ہے‘اس گڑبڑکی ذمہ داروفاقی حکومت ہے ۔

پاکستان میں کوئی تحریک طالبان نہیں تھی مگر جب ہم امریکا کی جنگ میں گئے تو ہر قسم کی دہشت گردی ہوئی،مجرموں کی حکومت میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔

جمعرات کو یہاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں ہر روز عدالت جاکر ضمانت لیتا ہوں تو میں کیوں ملک چھوڑ کر لندن نہیں بھاگ جاتا مگر میں ان چوروں کا عدالت میں بھی مقابلہ کرتا ہوں اور زمین پر بھی لوگوں کے پاس جا کر جگاتا ہوں اور قوم کو بتاتا ہوں کہ میری قوم کا کوئی مستقبل نہیں جس پر چور مسلط ہوں۔

یہ وہ چور لوگ ہیں جن کے ساتھ بد دیانت الیکشن کمشنر ملا ہوا ہے جس نے ان کے ساتھ ملکر کم از کم 15 ہزار جعلی ووٹ ڈلوائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ کبھی کسی وزیر اعظم نے کم خرچ کرکے ملک کا اتنا پیسہ نہیں بچایاجتنا میں نے بچایا۔میری حکومت میں ایک بھی ڈرون حملہ نہیں ہوا تھا‘میں وفاقی حکومت سے پوچھتا ہوں کہ بارڈر آپ کے کنٹرول میں ہے، وہاں سے کیسے لوگ آئے اور یہاں دہشت گردی کیسے ہوئی۔

امن و امان برقرار رکھنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے مگر اب اسٹریٹ کرائم میں بہت اضافہ ہوا ہے، اس لیے میں وزیر اعلی سے کہتا ہوں کہ وہ وفاقی حکومت سے پوچھیں کہ اگر آپ ذمہ داری نہیں سنبھال سکتے تو ہمیں دے دیں ہم خود ذمہ داری سنبھالیں گے۔

ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے دھاندلی کرنی ہے اور ہر حلقے میں 10 سے 15 ہزار ووٹ جعلی ڈالے ہوئے ہیں، اس لیے سب لوگ نکل کر دھاندلی کے باوجود ان کو شکست دیں گے۔عمران خان نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایجنسیاں کیا کر رہی ہیں، نامعلوم فون نمبرز سے دھمکیاں دینا، عمران خان کو ٹی وی پر نہ دکھانے کے لیے میڈیا کا منہ بند کرنا، مگر ملک میں کیا قانون رہ گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید