اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے سپریم کورٹ کے دو نوٹسز کے باوجود عدم حاضری پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی طلبی کا اخبارمیں اشتہار جاری کرنے کا حکم جاری کردیاہے ، جسٹس اعجاز الااحسن کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے جمعرات کے روز حمزہ شہباز کی گرفتاری سے پہلے انہیں اطلاع دینے کے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی نیب کی اپیل کی سماعت کی تو ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے بتا یا کہ فریقین کو نوٹسز کی تعمیل نہیں ہو سکی ہے ، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو بھی فریقین کو نوٹس کی تعمیل حکم دیا تھا ،اس کاکیا ہوا ہے ؟لیکن اگر عملدرآمد نہیں ہو سکا تو پھر قانون کے مطابق اخبار اشتہار کے ذریعے کارروائی آگے لے کر چلتے ہیں، جس کے بعد عدالت نے طلبی کے نوٹس کی عدم تعمیل پر اخبار میں اشتہار دینے کا حکم جاری کرتے ہوئے مزید کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔