اسلام آباد (مہتاب حیدر)پاکستان سی پیک کی آئندہ مشترکہ رابطہ کمیٹی (جے سی سی) کے اجلاس میں چین سے کہے گا کہ وہ کراچی سے پشاور تک ریلوے لائن کی تعمیر کے لیے ایم ایل ون (مین لائن-1) کی بولی کے عمل کی طرف بڑھے۔ اسلام آباد چینی فریق کو شدید سیلاب کے تباہ کن اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کریگا جس سے 32 ارب ڈالرز سے 34ارب ڈالرز کا نقصان ہوا ہے اور ضرورت کی اس گھڑی میں ترجیحی طور پر گرانٹس کے ذریعے مالی مدد فراہم کرنے کے طریقے اور ذرائع تلاش کرنیکی درخواست کی جائیگی۔ چینی پاور پروڈیوسرز کی جانب سے260ارب روپے سے زائد کی واجب الادا ادائیگیوں کے خلاف حکومت واجب الادا رقم کی ایک اور قسط جاری کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔