اولڈہم /ڈربی(نمائندہ جنگ) برطانیہ کے شہروں اولڈہم اور ڈربی میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل(JKSDMI) کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین کو حکومت پاکستان کی جانب سے قومی سول ایوارڈ’’ستارہ پاکستان‘‘ دیئے جانے پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اولڈہم میں منعقد ہونے والی تقریب میں سردار عبدالرحمٰن خان سرپرست جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل ، راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ سابق مشیر وزیر اعظم آزاد کشمیر، کونسلر نائلہ شریف چیئر پرسن (نارتھ آف انگلینڈ)، ہیری بوٹا ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن، یاسمین عالم انفارمیشن سیکرٹری، جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران ثمینہ صغیر، نورین شہزاد، نغمانہ کنول شیخ، طارق محمود لودھی، کمیونٹی رہنما حمیرا ثنا، کشمالہ رزاق، مظفر خان، راجہ مہربان خان، اظہر خان، جاوید طارق اور راشد حسین چیئرمین پاکستان کمیونٹی سینٹر اولڈہم نے شرکت کی۔ برطانیہ کے شہر ڈربی میں کونسلر راجہ گلفراز نواز نے راجہ نجابت حسین کے اعزاز میں پُر وقار تقریب منعقد کی اور راجہ نجابت حسین کو حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ پاکستان ملنے پر اپنی اورپوری پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی جانب سے مبارک باد پیش کی۔ اس تقریب میں ڈربی کے سابق میئر کونسلر محمد فرید، سردار عبدالرحمٰن خان، راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ،حافظ فضل احمد قادری، سرپرست آل پارٹیز کوآرڈینیشن کمیٹی برطانیہ، ہیری بوٹا ، راجہ خالد خالق، صدر آزاد کشمیر اوورسیز ویلفیئر کونسل، کونسلر جہانگیر، عبدالخالق قادری رہنما مسلم کانفرنس برطانیہ، عاشق حسین JP، نوجوان رہنما فرید اسلم ، چوہدری محمد صادق میٹ، حاجی کفایت علی، حاجی محمد ناظم چنال، چوہدری محمد عجائب آف گڑھا، ڈربی اور والسل شہر کی دیگر شخصیات شامل تھیں۔ دونوں تقریبات کے شرکاء نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر پر عالمی حمایت حاصل کرنے کے لئے بھرپور عملی کردار ادا کیا۔ شرکاء تقریب نے پاکستانی وزیر خارجہ سے کہا کہ وہ اسی طرح دنیا کے دیگر با اثر ممالک کا دورہ کریں اور ہر با اثر ملک کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو بیان کریں اور مسئلہ کشمیر کے فوری پر امن طریقے اور مستقل بنیادوں پر حل کروانے کے لئے عالمی حمایت حاصل کریں تا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت مل سکے اور انہیں بھارتی تسلط سے ہمیشہ کے لئے آزادی نصیب ہو سکے۔ راجہ نجابت حسین اور دیگر نے مشترکہ طور پر حکومت پاکستان سے کہا کہ ہم اوورسیز کشمیری اپنی اپنی جگہ پر اور اپنی اپنی حیثیت کے مطابق کشمیریوں کی آواز برطانیہ اور دنیا کے دیگر ملکوں میں بلند کر رہے ہیں مگر ہماری آواز کو ہمارے وکیل پاکستان کی جانب سے بھرپور انداز میں بلند کرنے اور پہنچانے کی ضرورت ہے۔ شرکائے تقریب کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ حکومت پاکستان تیز سفارت کاری کے زریعے تمام ملکوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو ہنگامی سطح پر بلند کرے تا کہ اس طویل اور سنگین مسئلے کا فوری اور پائیدار حل نکالا جا سکے اور کشمیریوں کو پتھر کے دور سے نکال کر جدید دنیا میں داخل کیا جا سکے۔ شرکاء نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ آزاد جموں وکشمیر، گلگت بلتستان، مقبوضہ کشمیر اور اوورسیز کشمیری رہنماؤں اور حریت کانفرنس کو سفارتی محاذوں پر پوری دنیا میں بھیجے اور کشمیریوں کو اپنا کیس بین الاقوامی سطح پر لڑنے کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کو پوری دنیا کشمیری قائدین کی زبانی سن سکے اور بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا جا سکے، پاکستان کے دارالحکومت اور دیگر جگہوں پر آل پارٹیز انٹرنیشنل کشمیر کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائے، وزیر خارجہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کانفرنسز کا انعقاد کریں اور صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان پاکستانی و کشمیری رہنماؤں پر مشتمل وفود کی منظوری دے کر انہیں پوری دنیا میں روانہ کریں اور ان کی مکمل مدد کریں تا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی دلوائی جا سکے، پاکستانی و کشمیری پارلیمنٹریرین پہلے سے ہی برطانیہ، یورپ اور دیگر جگہوں پر موجود ہیں جن کے پاس سیاست اور سفارت کاری کا وسیع تجربہ موجود ہے اور وہ مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں انتہائی موثر انداز میں اُجاگر اور عالمی حمایت حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل اس سلسلہ میں اپنی تمام ماہرانہ مدد فراہم کرنے کے لئے حاضر ہے اور ماضی میں پاکستان اور آزادجموں و کشمیر میں بین الاقوامی وفود کے تبادلے کئے گئے اور اب بھی ہم سب حکومت پاکستان، حکومت آزادجموں وکشمیر، گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر پوری دنیا میں وفود بھیجنے اورپوری دنیا سے عالمی وفود کو آزادجموں و کشمیر کے دورے کروانے کے لئے ہر ممکن تعاون پیش کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ برطانیہ میں کام کرنے والی کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر چوہدری شاہنواز نے بھی پاکستانی وزیر خارجہ کے بیان کا خیر مقد م کیا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔