کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کو tax evasionکا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف نے منی لانڈرنگ نہیں ٹیکس مینجمنٹ اور ٹیکس evasionکی۔ ایک پکا ایک کچا کھاتا ہے۔ اس معاملے کو اثاثے چھپانا بھی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ٹیکس مینجمنٹ کی تو ان پر منی لانڈرنگ کا کیس کیسے بن سکتا ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر قانون دان حیدر وحیدنے بھی گفتگو کی۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ عمران خان کا مقصد انتخابات کی تاریخ لینا نہیں ہے، عمران خان صرف ایک تعیناتی کیلئے پاگلوں کی طرح بھاگا پھر رہا ہے، عمران خان اس تعیناتی کو نئے انتخابات تک موٴخر کرانا چاہتا ہے، ملک کا ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور ساڑھے تین کروڑ لوگ بے گھر ہیں، اس صورتحال میں اگلے چھ ماہ تک انتخابات ممکن نہیں ہیں، عمران خان کا مقصد حماقت اور بیوقوفی ہے، جلسے اور تقریریں کرنے سے ایک ادارے کے سربراہ کی تعیناتی موٴخر نہیں کی جاسکتی۔