لاہور (نمائندہ جنگ) سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبر اور سابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کو نیب لاہور نےطلب کرلیا،شہزاداکبرکونیب لاہور کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور اختیارات کے غلط استعمال کیس میں 21 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے، نیب لاہور نے 22سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی شہزاد اکبر کو بھجوا دیا ہے، شہزاد اکبر کو سوالنامہ کےجوابات اور ضروری دستاویزات ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے،نیب لاہورنے مزمل حسین کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق چیئرمین کے خلاف اختیار کے غلط استعمال، سرکاری فنڈز میں بےضابطگی کی شکایات درج ہیں، مالی فوائد، تربیلا کے چوتھے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ میں سرکاری وسائل کو نقصان پہنچانے کے خلاف شکایت درج ہے، الزامات پر جواب اور اپنے اثاثوں کا پرفارما بھی ہمراہ لائیں ، کمپلیننٹ سیل میں پیش ہوں۔