کراچی (افضل ندیم ڈوگر)کراچی میں ڈمپرز، ٹینکرز اور ٹرکوں سے خوفناک ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے حتمی اقدامات کے تحت گزشتہ دو روز کے دوران 200بڑی گاڑیاں ضبط کر لی گئی ہیں جن میں سے انتہائی خراب اور ان فٹ 12 گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کیلئے گلگت بلتستان، لاہور، بلوچستان اور کراچی ایکسائز ڈیپارٹمنٹس کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ گزشتہ دو روز کے دوران شہر بھر سے 152 ہیوی اور لائٹ ٹرانسپورٹ سمیت انتہائی خستہ حال اور ان فٹ 200 سے زائد بڑی پرانی ہیوی وہیکل ضبط کرکے بلدیہ ٹاؤن میں واقع فٹنس سینٹر میں جمع کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عملے نے 70 گاڑیوں کا معائنہ کیا ہے جن میں سے 12 گاڑیاں روڈ پر چلنے یا روڈ پر لانے کے بھی قابل نہیں ہیں۔ فوری طور پر متعلقہ صوبوں کے ایکسائز ڈیپارٹمنٹس کو خط لکھ کر ان گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کرنے کا کہہ دیا گیا ہے۔ اس خط کی کاپی میں ٹرک نمبر جے ٹی 1823، ٹی ٹی اے 633، ایل ایس اے 4825، جی ایل ٹی 4215، جے ٹی 3725، ایم این ایس 4065، ٹی ٹی بی 245، پی ای 5991، آر 8907، ٹی ایل ڈبلیو 923، ٹی ایل اے 784، اور ٹی یو کے 908 شامل ہیں جن کی رجسٹریشن موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کی شق 35 کے تحت فوری طور پر منسوخ کرنے کے سفارش کی گئی ہے۔