لاہور(این این آئی) وفاق نے پنجاب کو گندم درآمدکرنے کی اجازت دینے سے انکارکردیاہے ۔
وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے وفاق کی جانب سے پنجاب کو گندم امپورٹ کی اجازت نہ دینے پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ پنجاب کے عوام کے بارے میںوفاق کا رویہ افسوسناک ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے۔
شہباز شریف ن لیگ کو پنجاب سے نکالنے کا بدلہ عوام سے لینے کی سازش کررہے ہیںاورپنجاب میں گندم کی قلت پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ سندھ او ردیگرصوبوں کو وفاق کی جانب سے امپورٹ کردہ گندم فراہم کی جاچکی ہے۔
وفاق پہلے بھی گندم امپورٹ کرچکا ہے لیکن پنجاب کو شیئر نہیں دیااوراب پنجاب نے خود ادائیگی کے ذریعے10 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔
پنجاب نے عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئینی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق گندم امپورٹ کی اجازت طلب کی تاہم وفاق نے اجازت دینے سے انکار کیا۔