• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ٹیم ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہیں آئے گی، انڈین کرکٹ بورڈ کا اعلان

کراچی(نیوزڈیسک، عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر)انڈین کرکٹ بورڈ نے اعلان کیاہےکہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کیلئے پاکستان نہیں آئیگی جس پر ذرائع پی سی بی کاکہناہےکہ بھارت اگلے سال ایشیا کپ میں شرکت کے لئے پاکستان نہیں آیا تو پاکستان اگلے ماہ میلبورن میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کو واضع پیغام دے گا کہ پاکستان بھی آئندہ سال ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گا،ایشین کرکٹ کونسل کو خیر باد بھی کہہ سکتا ہے،حکومت پاکستان نے اس بارے میں پی سی بی کو گرین سگنل دے دیا ہے۔

پی سی بی کے حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت ،ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کی شمولیت سے مشروط ہے۔

پاکستان ،بھارت کے ساتھ نرمی برتنے کو تیار نہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایشیا کپ نہ کھیلنے کے فیصلے کے خلاف سخت گیر موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں حکومت کی مشاورت سے کئی آپشن پر غور ہورہا ہے .

اگلے24سے48گھنٹے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا، ایشین کرکٹ کونسل کو خط تحریر کررہےہیں جس میں ایشین کرکٹ کونسل کی ہنگامی میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا جائے گاجس میں اے سی سی کے صدر جے شاہ کے غیر ذمے دارانہ بیان پر سخت موقف اختیار کرکے یہ کہا جائے گا کہ جے شاہ نے از خود اعلان کرکے اے سی سی بورڈ کے فیصلے کو بائی پاس کیا ۔

 اگلے ماہ میلبورن میں آئی سی سی بورڈ کا اجلاس ہورہا ہے جس میں رمیز راجا شریک ہوکر ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی موجودگی میں آئی سی سی کو بتائیں گے کہ اگر اگلے سال ستمبر میں بھارت ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہیں آیا تو پاکستان بھی نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا۔بھارت جانے کے لئے پی سی بی کو حکومتی اجازت درکار ہے،اس لئے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت مشکوک ہے۔

دوسری جانب حالات کنٹرول میں نہ آئے اور بھارت نے ہٹ دھرمی قائم رکھی توپی سی بی، ایشین کرکٹ کونسل سے بھی الگ ہونے پر غور کرسکتاہے۔منگل کو بھارتی بورڈ کے اجلاس کے بعد پی سی بی انتظامیہ کےہنگامی اجلاس میں کئی آپشن پر غور ہوا اور یہ بھی طے کیا گیا کہ پاکستان اگلے سال ورلڈ کپ کھیلنے سے بھی دستبردار ہوسکتا ہے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دے گا۔اس سلسلے میں رمیز راجا نے ایشین کرکٹ کونسل میں کیس اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ہر پلیٹ فارم پر جے شاہ کے بیان پر افسوس کا اظہار اور مذمت کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے شاہ کا بیان غیر ضروری اور جلد بازی میں دیا گیا لگ رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید