اسلام آباد ( اعزازسید ) پاکستان نے اسلام آباد کے دورہ پر آئی سعودی عرب کی 6؍ رکنی اعلیٰ سطح ٹیم کو سال 2011ء میں کراچی میں قتل کئے گئے سعودی سفارتکار کے 3؍ قاتلوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قاتل ایران میں روپوش ہیں ۔ جیو نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت داخلہ کا 6؍ رکنی وفد مبارک عبدالرحمان الموائینہ کی قیادت میں ان دنوں اسلام آباد کے دورہ پر ہے جہاں اس نے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے اسامہ بن لادن آپریشن کے دو ہفتوں بعد 16؍ مئی 2011ء کو کراچی میں گھر سے دفتر جاتے ہوئے موٹرسائیکلوں پر گولیاں مار کر گاڑی میں قتل کئے گئے اہم سعودی سفارتکار محمد حسن القحطانی کے بارے میں اسلام آباد میں موجود سعودی وفد کو بتایا کہ اس قتل میں ملوث علی مستحسن ، رضا امام اور سید وقار نامی ملزمان اپنے خاندانوں سمیت 2013ء سے ایران منتقل ہوگئے ہیں ۔ پاکستانی حکام نے ایران سے ملزمان کی حوالگی کیلئے انٹرپول سے رابطہ کرکے تینوں ملزمان کی حوالگی کی درخواست کی ہے۔ اس حوالے سے انٹرپول نے ملزمان کے ریڈ وارنٹس بھی جاری کردئیے ہیں ۔ یاد رہے کہ سعودی عرب اپنے سفارتکار کے قتل کی تحقیقات کی مسلسل نگرانی کررہا ہے ان تحقیقات میں سی ٹی ڈی کراچی اور دیگر اداروں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔