خیبر پختونخوا کے قومی اسمبلی کے تین حلقوں پشاور ،چارسدہ اور مردان میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے مستعفی ہونے کے بعد 16 اکتوبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن میں عمران خان پشاور میں الحاج غلام احمد بلور چارسدہ میں ایمل ولی خان اور مردان میں مولانا محمد قاسم کو ہرا کر پی ٹی آئی کی خالی ہونیوالی تینوں نشستیں واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی پشاور میں انتخابی نتائج کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے جگہ جگہ ریلیاں نکالی گئیں آتش بازی کی گئی جشن منایا گیا اور ہوائی فائرنگ کے باوجود کارکنوں کی طرف سے قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی گئی پورا شہر فائرنگ کی آوازوں سے گونج اٹھا پشاور پولیس کی طرف سے ہوائی فائرنگ کرنے والے کئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
اے این پی کے سینئر رہنما وسابق وفاقی وزیر الحاج غلا م احمد بلور نے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ این اے 31 پشاور میں ہونیوالی ریکارڈ دھاندلی کے سلسلے میں الیکشن کمیشن اور ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائیگا عمران خان جیتے نہیں بلکہ انہیں دھاندلی کے ذریعے جتوایاگیا جبکہ وہ ہارے نہیں بلکہ انہیں دھاندلی کے ذریعے ہر وایا گیا 16اکتوبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے حاجی غلام احمد بلور اور اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں پر ہر صورت میں عمران خان کی کامیابی اور مخالف امیدواروں کو ہروانے کا ٹاسک دیاگیا تھا۔
جس پر صوبائی حکومت کی طرف سے صوبے کے تمام وسائل انتخابی مہم پر خرچ کئے گئے جبکہ پولنگ سٹیشنوں میں ڈیوٹی دینے والے سرکاری اہلکاروں کو انتخابی نتائج تبدیل کرنے کا ٹاسک دیاگیا تھا صوبائی حکومت کی طرف سے صوبے میں دہشتگردی پر قابو پانے کی بجائے تمام توجہ انتخابی مہم پر مرکوز رکھی گئی جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا دہشتگردی کی لپیٹ میں آچکا ہے عمران خان ،وزیر اعلی اور صوبائی وزراء کی طرف سے الیکشن قوانین کی دھجیاں بکھیری گئی جبکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے الیکشن قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا جرم ثابت ہونے پرصوبائی وزراء کو 50 ، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئیں۔
ادھر پاکستان تحریک ا نصاف خیبر پختونخوا کے صوبائی ترجمان و ممبر صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو نے 16 اکتوبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن میں عمران خان کی تاریخی فتح پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کی طرف سے عمران خان کے خلاف متحد ہوکر الیکشن لڑنے اور عمران خان کو ہر صورت میں ہروانے کی سرتوڑ کوششیں کی گئیں لیکن اسکے باوجود عمران خان کی شاندار کامیابی سے واضح ہوگیا ہے کہ عوام نے امریکی سازش چوروں و لٹیروں کو مسترد کرکے حقیقی آزادی کیلئے عمران خان کا ساتھ دینے کا تہیہ کرلیا ہے۔
عمران خان نے جب بھی لانگ مارچ کی کال دی تو ملک بھر سے عوام طلباء اور نوجوان دیوانہ وار سڑکوں پر نکلیں گے چور اور لٹیرے عمران خا ن کے جانثاروں کا راستہ نہیں روک سکتے 16 اکتوبر کو ہونیوالے ضمنی الیکشن میں عمران خان کی شاندار کامیابی سے سیاست کا پھانسہ پلٹ گیا ہے اب صرف اور صرف تحریک انصاف ہی راج کریگی اور چوروں و لٹیروں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔خیبر پختونخوا میں دہشت گردی ایک بار پھر منظم ہو گئے ہیں اور خیبر پختونخوا دہشت گردی کی لپیٹ میں آچکا ہے۔ بم دھماکوں پولیس سٹیشنوں، پولیس کی موبائل گشت کرنے والی گاڑیوں پولیس افسروں جوانوں سیکورٹی فورسز کونشانہ بنایا جارہا ہے۔
علمائے کرام سیاسی رہنمائوں اور امن کمیٹیوں کے عہدیداروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے صنعت کاروں کاروباری افراد اور تاجروں سے بھتہ وصول کیا جارہا ہے جبکہ بھتہ کی ادائیگی نہ کرنے والوں کے گھروں فیکٹریوں اور کاروباری مراکز پر بم حملے کئے جا رہے ہیں جبکہ بعض سیاسی رہنمائوں اور ارکان اسمبلی کو بھی بھتہ ادائیگی کے لئے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اپوزیشن کے بعض ارکان اسمبلی نے انکشاف کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ وزرا اور پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی بھی جان بچانے کے لئے بھتہ کی ادائیگی کر رہے ہیں۔
یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ سوات، دیر اور باجوڑ کے پہاڑوں پر دہشت گرد جمع ہو چکے ہیں جبکہ پشاور نوشہرہ چارسدہ مردان صوابی بنوں کوہاٹ ٹانک کرک ڈیرہ اسماعیل خان خیبر اورکزئی کرم مہمند اور صوبے کے دوسرے علاقوں میں بھی دہشت گردوں کی سرگرمیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ محمود خان کے آبائی علاقہ مٹہ سوات میں بھی عوام غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ دہشت گردی بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے عوام میں خوف و ہراس بڑھتا جا رہا ہے۔
سوات اور شانگلہ کے اضلاع میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خلاف ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ سیاسی جماعتوں سول سوسائٹی اور تاجروں کی طرف سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ممتاز قوم پرست و ترقی پسند سیاسی رہنما اور پاکستان مزدور کسان پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر شکیل وحید اللہ خان مزدور کسان پارٹی کے کئی رہنمائوں و عہدیداروں اور سینکڑوں کارکنوں و نوجوانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شامل ہو گئے آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی طرف سے مزدور کسان پارٹی کے اہم رہنمائوں عہدیداروں کی قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی وطن پارٹی کی بہت بڑی کامیابی ہے اور اس سے صوبے سے ہونے والی ناانصافی کا راستہ روکنے صوبے کے حقوق کے حصول صوبے کی ترقی و خوشحالی لوٹ کھسوٹ اور استحصال سے پاک فلاحی ریاست کے قیام کی جدوجہد کو تقویت ملے گی۔