• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملکوں کی عالمی سطح پر مدد کرنا ہوگی، شہباز شریف

ریاض (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز اور حل سے متعلق مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے، پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سعودی عرب اور اقوام عالم کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملکوں کی عالمی سطح پر مدد کرنا ہوگی، آج کا فورم اہمیت کا حامل ، اس سے ظاہر ہوتا ہےکہ ولی عہد محمد بن سلمان نہ صرف سعودی عرب بلکہ دیگر ممالک کے مستقبل کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھی متحرک ہیں،مستقبل کے حوالہ سے سعودی قیادت کا وژن لائق تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بہتر مستقبل کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، ہمارے پاس ذرائع اور ٹیکنالوجی موجود ہے، اسکے سب سے زیادہ اثرات انسانیت پر پڑیں گے، اس وقت ٹیکنالوجی پر حقیقی منتقلی کا وقت ہے، اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم سماجی، معاشی، موسمیاتی تبدیلیاں لا سکتے ہیں، اقدامات اور انوویشن کے ذریعے اس تبدیلی کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکتا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، پاکستانی اپنے کیریئر میں کامیابی کیلئے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز اور حل سے متعلق مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے، معیشت کی بہتری کیلئے ای کامرس کا فروغ لازم ہے، سماجی و معاشی ترقی کیلئے خواتین کا بااختیار ہونا ضروری ہے، معیشت کی بہتری کیلئے خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہو گا، ہم نے صحت اور تعلیم میں ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کیلئے اقدامات کئے، ہم نے طالبات کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے وظائف دیئے، ہماری حکومت نوجوانوں کو انوویشن کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید