• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان اتنے بہادر ہیں تو بتائیں ہینڈلرز کون ہیں، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ فتنہ لانگ مارچ کی نہیں معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، عمران خان اتنے ہی بہادر ہیں تو بتائیں ہینڈلرز کون ہیں، سندھ میں مطالبہ ہے کہ نئی مردم شماری کے بغیر انتخابات نہیں ہونے چاہئیں، عمران خان جانتے ہیں اکتوبر2023ء سے پہلے انتخابات نہیں ہوسکتے،بقول مراد سعید ارشد شریف کو ملک سے باہر قتل کرنے کی سازش ہورہی تھی ، عمران خان نے ارشد شریف کو قتل کی سازش کا نشانہ بننے کیلئے کیوں باہر بھیجا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ق لیگ کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا اور سینئر صحافی و تجزیہ کار ارشاد بھٹی بھی شریک تھے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ پر عمران خان مان جائیں گے تو قوم مان جائے گی،اس ملک میں سترہ سال مردم شماری نہیں ہوئی لیکن الیکشن ہوتے رہے،اعظم سواتی اور ارشد شریف کے معاملہ میں ایک لحاظ سے مشابہت ہے،ارشد شریف کے افواج پاکستان سے کوئی اختلافات نہیں تھے، ارشد شریف کے قتل کا اشارہ فوج کی طرف کرنا بدتر از گناہ ہے اس سے اجتناب کرنا چاہئے۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ جتھوں کی مدد سے کسی کی حکومت بھی نہیں گرائی جانی چاہئے، عمران خان توہین عدالت سے بچے ہیں وہ عدالتی حکم کے برخلاف ریڈزون نہیں جائیں گے،سوال ہے ارشد شریف پر دھڑادھڑ مقدمات کیوں قائم ہوئے، انہیں ملک کس وجہ سے چھوڑنا پڑا، مراد سعید کہتے ہیں ان کے پاس ارشد شریف سے متعلق خوفناک باتیں ہیں۔ احسن اقبال نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو فتنہ لانگ مارچ کی نہیں معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے، عمران نیازی آزادی دلانا چاہتے ہیں تو اشاروں میں کیوں بات کررہے ہیں،عمران خان اتنے ہی بہادر ہیں تو بتائیں ہینڈلرز کون ہیں، عمران نیازی کو پتا ہے کہ ارشد شریف کو کس نے مارا ہے تو اس کا نام لیں، عمران خان کا خوف کا یہ عالم ہے کہ کھل کر بات بھی نہیں کرپارہے ،عمران خان بھی جانتے ہیں اگلے چھ آٹھ مہینے سے پہلے الیکشن نہیں ہوسکتے، ساڑھے تین کروڑ لوگ سیلاب سے متاثر ہیں وہ الیکشن کا نام بھی سننے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سندھ میں مطالبہ ہے کہ نئی مردم شماری کے بغیر انتخابات نہیں ہونے چاہئیں، نئی مردم شماری مارچ میں ہوگی جس کے بعد چار مہینے حلقہ بندی کیلئے درکار ہوں گے، عمران خان جانتے ہیں اکتوبر 2023ء سے پہلے انتخابات نہیں ہوسکتے،عمران خان انتخابات کیلئے نہیں نومبر کی تقرری کے گرد مہم چلارہے ہیں، عمران خان قومی اداروں کو سیاست زدہ کرنے کے ایجنڈے پر ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ چین سے تعلقات بحالی کی طرف جاتے ہیں تو عمران خان ڈسٹرب کرنے ا ٓجاتے ہیں،یکم نومبر کو وزیراعظم چین کے بہت اہم دورے پر جارہے ہیں ، سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان بھی نومبر میں پاکستان آرہے ہیں، عام انتخابات اکتوبر 2023ء میں ہوں گے، پرامن احتجاج یا جلسہ کرنا عمران خان کا بنیادی جمہوری حق ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے پچیس مئی کو واضح طور پر ریڈ زون میں داخل ہونے سے منع کیا لیکن عمران خان کے لوگ ریڈزون میں داخل ہوئے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے ایک ایٹمی طاقت غلام نہیں ہوسکتی، ایٹمی طاقت کو آپ غلام کہیں گے تو یہ توہین ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد شریف کی ہلاکت پر کینیا کے صدر سے خود بات کی ہے، بقول مراد سعید ارشد شریف کو ملک سے باہر قتل کرنے کی سازش ہورہی تھی ، عمران خان نے ارشد شریف کو قتل کی سازش کا نشانہ بننے کیلئے کیوں باہر بھیجا، ارشد شریف کو خطرہ تھا تو عمران خان اسے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں رکھ لیتے، کیا پنجاب یا خیبرپختونخوا حکومتیں ارشد شریف کو سیکیورٹی نہیں دے سکتی تھیں، ارشد شریف واقعہ کی تحقیقات سے پہلے کسی پر الزام تراشی نہیں کرنی چا ہئے ۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر موقع پر اپنی توپوں کا رخ قومی اداروں کی طرف کردیتے ہیں، کورکمانڈر کوئٹہ کا ہیلی کاپٹر کریش ہو تو اسے بھی تماشہ بنادیا جاتا ہے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ حکومت عمران خان کے ساتھ نئے انتخابات کی تاریخ پر بیٹھ کر بات کرے، انتخابات کی تاریخ پر عمران خان مان جائیں گے تو قوم مان جائے گی،اس ملک میں سترہ سال مردم شماری نہیں ہوئی لیکن الیکشن ہوتے رہے،جس مردم شماری پر چند سال پہلے الیکشن ہوئے دوبارہ اسی مردم شماری پر ہوسکتے ہیں، تین ماہ بعد الیکشن ہوسکتے ہیں اس وقت تک سیلاب متاثرین کا مسئلہ ختم ہوچکا ہوگا، سیلاب متاثرین کیلئے این جی اوز کام کررہی ہیں، وفاقی اور سندھ حکومتیں سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے کوئی کام نہیں کررہی ہیں، دنیا انہیں بھر بھر کر سامان بھیج رہی ہے ، سیلاب متاثرین کے ٹینٹ آتے ہیں تو وہ فروخت ہوجاتے ہیں،انہوں نے کبھی معاشی حالات ٹھیک نہیں کیے، ملک کا پیسہ لوٹ کر باہر لے جاتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید