کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سعید الحسن مندوخیل نے کہا ہے کہ صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح پر انکوائر ی کمیٹی بناکر پی ٹی آئی کے چیئرمین مین عمران خان اور شیریں مزاری کو بھی شامل تفتیش کیا جائے ۔بیان میں انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل سے دلی صدمہ پہنچا ،دکھ کی اس گھڑی اور مشکل وقت میں سوگوار خاندان کے غم میں شریک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ارشدشریف کے قتل کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے جو نہ صرف معاملے کا ہر پہلو سے جائزہ لے بلکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شیریں مزاری کو شامل تفتیش کر کے انکے بیانات ریکارڈ کئے جائیں اوران سے پوچھا جائے کہ انہیں کس نے بتایا تھا کہ ارشد شریف کی جان کو خطرہ ہے اور انہیں کس کے کہنے پر بیرون ملک بھجوایا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ 2ماہ سے لانگ مارچ کرنے کا کہہ تو رہے تھے لیکن اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہے تھے ،لیکن ارشد شریف کے قتل کے دوسرے ہی دن عمران خان نے لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردیا، کیا عمران خان اس حادثے کا انتظار کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکام اب دورہ چین پر سی پیک کو فعال کرنے کے حوالے سے بات چیت کر نے جارہے ہیں جوں ہی دورے کو حتمی شکل دی گئی انہوں نے لانگ مارچ کااعلان کردیا ۔انہوں نے کہا کہ 2014میں بھی چینی صدر کے دورے کے موقع پر عمران خان نے دھرنا دیا تھا کیا یہ سب محض اتفاق ہے یا اس کے پیچھے کچھ عناصر کار فرما ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں لہٰذا عوام سے بھی درخواست ہے کہ وہ عدم استحکام کا سبب بننے والے لانگ مارچ کو فوری طور پر مسترد کرکے اس میں شرکت نہ کریں ۔