پشاور ( وقائع نگار ) میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا ہے کہ شہر کے سرکاری سکول و کالجز کی حالت زار دیکھ کر دل بہت دکھتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ ان پر خصوصی توجہ دے رہا ہوں تاکہ عوام کے بچوں بچیوں کا معیار تعلیم بھی بہتر ہو سکے اور انہیں بہترین ماحول میں تعلیم کے زیور سے آراستہ بھی کیا جاسکے ، سٹی ڈسٹرکٹ ڈگری کالج برائے طالبات کو ضروری سامان مہیا کردیا گیا ہے ، ان کی سٹاف کی کمی پوری کرنے سمیت دیگر ضروریات بھی جلد پوری کی جائینگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سٹی ڈسٹرکٹ ڈگری کالج برائے طالبات پشاور کے دورے اور کرسیوں و الیکٹرک واٹر کولر ز سمیت دیگر سامان کی فراہمی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سٹی ڈسٹرکٹ ڈگری کالج برائے طالبات کی پرنسپل اور اساتذہ سمیت سٹاف اراکین بھی موجود رہے ۔ میئر پشاور نے سٹی ڈسٹرکٹ ڈگری کالج برائے طالبات کا دورہ کیا اور کالج میں امتحانی حال سمیت ، لائبریری اور کلاس رومز کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ کالج جو کہ گزشتہ بیس سال سے بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہا ہے میں اساتذہ سمیت دیگر سٹاف کی کمی کا سامنہ ہے جسے میئر پشاور نے جلد از جلد پورا کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ پرنسپل نے میئر پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح طالبات کے لیے جدید طرز کی آرام دہ کرسیاں اور پینے کے صاف پانی کے لیے الیکٹرک واٹر کولرز فراہم کیے گئے ہیں اسی طرح کالج میں خستہ حالی کا شکار ہونے والے عمارتی حصوں کی بھی مرمت کروائی جائے ، میئر پشاور نے اس حوالے سے بھی یقین دلایا کہ یہ تمام تر ضروری کام بہت جلد مکمل کر لیے جائینگے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میئر پشاور حاجی زبیر علی کا کہنا تھا کہ ان کی خصوصی توجہ تعلیمی اداروں پر مرکوز ہے تاکہ اپنی نوجوان نسل کو جدید دور کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے اور وہ تعلیمی اداروے جہاں یہ بچے بچیاں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔وہاں کی تمام تر ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکے تاکہ فرینڈلی ماحول میں طلبا و طالبات کو بلا کسی مشکل کے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جاسکے ، اور قوم کو متاثر کن اور ہر لحاذ سے کارآمد تعلیم یافتہ نسل کا تحفہ دیا جاسکے